نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے سیف سٹٰی پنجاب ننکانہ صاحب کا افتتاح کر دیا ہے۔ اور سکھ زائرین کے لیے ایک بڑے اور سستے منصوبے کا اعلان کردیا ہے۔
ننکانہ صاحب میں سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ ننکانہ صاحب بہت حساس شہر ہے، اس شہر کے سیف سٹی پراجیکٹ میں 35 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے، یہ سیاحت کے لحاظ سے اہم شہر ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکھ یاتریوں کے لیے ٹور ازم ڈیپارٹمنٹ بہترین کام کر رہا ہے، سیف سٹی منصوبہ سکھ ٹورازم کے لیے مفید ہو گا، سکھوں کے لیے ٹورازم ڈیپارٹمنٹ پورا ایک پلان لانچ کر رہا ہے، سکھ سیاح سکھ ٹورازم ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کریں گے،قریباً 1200 روپے میں سکھوں کو ٹورازم کی سہولیات دی جائیں گی جس میں کھانا، اور ہوٹل میں رہاش اور سیکیورٹی بھی شامل ہوگی۔
نگراں وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ دنیا کے بہت سے ایسے ملک ہیں جو صرف ٹورازم پر ہی چلتے ہیں، پنجاب میں ننکانہ صاحب، حسن ابدال، کرتار پور بڑے اہم شہر ہیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ سکھ ٹورازم کو پروموٹ کریں، پنجاب حکومت سکھوں سے بھرپور تعاون کرے گی۔
سیالکوٹ میں دہشتگردی کے واقعے سے متعلق بات کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پولیس نے اس واقعے کے ذمہ داروں کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی دہشتگردی ہو گی، اسی طرح جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسلام کے نام پر کسی بھی صورت انتہا پسندی اور دہشتگردی نہیں کرنے دی جائے گی، تمام صوبوں نے مل کر فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی صوبے میں جہاں کوئی انتہا پسندی کا واقعہ ہو گا اس پر کارروائی ہو گی۔