پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس پر 14 ملکی فضائی مشق، انڈس شیلڈ 2023، پوری آب وتاب سے جاری ہے۔ ترجمان پاکستان فضائیہ کے مطابق یہ اعلیٰ سطح مشق خطے کی سب سے بڑی فضائی جنگی مشقوں میں سے ایک ہونے کی بدولت نمایاں حیثیت کی حامل ہے۔ فضائی مشق بین الاقوامی تعاون کو تقویت دینے اور ملکی فضائی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
مشق میں دنیا کی صف اول کی فضائی افواج کے پائلٹس،گراؤنڈ عملہ اور ایئر ڈیفنس کنٹرولرز سمیت جدید لڑاکا طیارے حصہ لے رہے ہیں۔انڈس شیلڈ 14 ممالک کی بہترین فضائی افواج کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ پیش کرنے کے لیے ایک عمدہ پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔ فضائی مشق میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، مصر، عمان، بحرین، آذربائیجان، انڈونیشیا، مراکش، ازبکستان، چین اور ہنگری کی فضائی افواج حصہ لے رہی ہیں۔
فضائی مشق انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ تکنیکی ترقی، جدت کے فروغ، فضائی جنگ کی حکمت عملیوں کو جانچنے اور عصر حاضر کے فضائی دفاعی چیلنجوں سے نمٹنے میں پاک فضائیہ کے اہم کردار کی توثیق کرتی ہے۔ انڈس شیلڈ مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے اس میں شریک ممالک کے باہمی شرکت داری کے عزم کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں درپیش مشترکہ خطرات کے پیش نظر فضائی جنگ کے نئے ابھرتے ہوئے محرکات کا بھی احاطہ کرے گی۔
انڈس شیلڈ 2023 کی بدولت بین الاقوامی برادری کی پوری توجہ اس وقت پاکستان کی جانب مبذول ہے۔ پاک فضائیہ جدید فضائی جنگی حکمت عملیوں اور شریک ممالک کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دے کر عالمی توجہ کا مرکز ہے۔