صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سفید چھڑی معذوری یا کمزوری نہیں بلکہ ہمت اور بہادری کی علامت ہے، یہ اس مضبوط انسانی جذبے کی علامت ہے جس کی مدد سے انسان امتحانوں اور مشکلات کا مقابلہ کرتا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سفید چھڑی کے عالمی دن 15 اکتوبر 2023 ء کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ سفید چھڑی کا عالمی دن منانے کا مقصد بینائی سے محروم افراد کی جانب ہماری اجتماعی ذمہ داری کی یاد دہانی کراناہے۔ یہ دن نابینا افراد کو درپیش مسائل اور ان کی خاص ضروریات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور ان کے مسائل سے نمٹنے کیلئے کوششیں تیز کرنے کا موقع ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ بصارت سے محروم افراد کی مدد اور سہولت کیلئے ضروری قانونی، انتظامی، اور بنیادی ڈھانچے کے نظام کے قیام کے لیے اپنی کاوشیں بڑھانے کا دن ہے۔ سرکاری محکموں، سول سوسائٹی، میڈیا اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ نابینا افراد کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں، انہیں پرمسرت اور آزاد انہ زندگی گزارنے کے قابل بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں۔
مزید پڑھیں
صدر علوی نے مزید کہا کہ میں ہر ایک سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بصارت سے محروم افراد کا خصوصی احساس کریں، معاشرے میں ان کی مکمل شمولیت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ ہمیں دوسرے مہذب ممالک میں بینائی سے محروم افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو ایک نمونے کے طور پر لینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئیں ہم نابینا افراد کی ضروریات کو پورا کرنے والے ضروری نظام اور سہولیات کی فراہمی کیلئے انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کریں۔ ہم سب کو بصارت سے محروم افراد کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ میں بصارت سے محروم اپنے بھائیوں اور بہنوں کو بھی یقین دلانا چاہتا ہوں کہ حکومت ان کے حقوق کے تحفظ اور انہیں کامیاب زندگی گزارنے کے قابل بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات لیتی رہے گی۔
سفید چھڑی کے عالمی دن پر اسپیکر قومی اسمبلی کا پیغام
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پر ویز اشرف نے کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد کے حقوق کا تحفظ اور سہولیات کی فراہمی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ بصارت سے محروم افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں۔ تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع کی فراہمی سے بصارت سے محروم افراد کو معاشرے کا کار آمد شہری بنایا جا سکتا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ بصارت سے محروم افراد ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سفید چھڑی اس بات کی علامت ہے کہ بصارت سے محروم افراد کسی کے محتاج نہیں۔ بصارت سے محروم افراد کی محرومی انہیں آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔
اسپیکر کا کہنا تھا بصارت سے محروم افراد زندگی کے ہر شعبے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان کی قومی اسمبلی نے خصوصی طور پر اہل افراد کے لیے قانون سازی کی ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں خصوصی طور پر اہل افراد کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔
راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی ویب سائیٹ کو خصوصی طور پر اہل افراد کے لیے قابل رسائی بنایا گیا ہے۔ پارلیمان کی ویب سائیٹ پر آئین پاکستان بریل رسم الخط میں موجود ہے۔ہمیں بصارت سے محروم افراد کی ہر ممکن مدد کرنی چاہیے۔ بصارت سے محروم افراد کو ملک کا کار آمد شہری بنانے میں اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔