امریکی محکمہ خارجہ نے دنیا بھر میں امریکی شہریوں پر زور دیا کہ وہ عالمی سطح پر کشیدگی میں اضافے کے باعث امریکیوں اور امریکی مفادات کے خلاف حملوں کے بڑھتے ہوئے خدشات کی وجہ سے محتاط رہیں۔
ترکیہ کے سرکاری خبر رساں ادارے ’اناطولو‘ کے مطابق محکمہ خارجہ نے اپنی گلوبل ٹریول ایڈوائزری میں دنیا بھر میں مختلف علاقوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، امریکی شہریوں اور مفادات کے خلاف دہشت گردانہ حملوں، مظاہروں یا پرتشدد کارروائیوں کے خدشات کی وجہ سے بیرون ملک مقیم امریکی شہریوں کو زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے‘۔
یہ ہدایات محصور غزہ کی پٹی میں جاری جنگ کے تناظر میں دی گئی ہیں۔ وہاں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 3,785 فلسطینی ہلاک اور 12,000 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیل نے حماس کے ایک حیران کن کثیر الجہتی حملے کے بعد آپریشن سورڈز آف آئرن شروع کیا۔ خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں کہ اسرائیل غزہ پر فضائی حملوں کے بعد جلد ہی زمینی حملہ بھی کرے گا۔
اسرائیل اپنے 1400 سے زائد فوجی اور عام افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرچکا ہے۔