جنوبی افریقہ ورلڈ کپ 2023 کے 20 ویں میچ میں ورلڈ چیمپیئن انگلینڈ کو229 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہو گیا۔ انگلینڈ کی ٹیم 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کے بولرز کے سامنے ’ریت کی دیوار‘ ثابت ہوئی، انگلینڈ کی پوری ٹیم22 ویں اوورز میں170 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
انگلش بلے بازوں نے 400 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے خوف کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا میں ہی 18 رنز کے مجموعی اسکور پر اس کی پہلی وکٹ گر گئی جب جونی بیرسٹو محض 10 رنز اسکور کر کے نگیدی کی گیند پر وینڈردوسین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
جونی بیرسٹو کے آؤٹ ہوتے ہی جیسے انگلش بلے بازوں کی پویلین جانے کے لیے لائن لگ گئی، انگلینڈ کی مِڈل آرڈر بیٹنگ مکمل کولیپس کر گئی اس کا کوئی بھی مِڈل آرڈر بیٹر ڈبل ہندسہ عبور نہ کر سکا، ڈیوڈ ملان 6 ،جوئےروٹ 2 اور بین اسٹوکس 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد بھی کوئی انگلش بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، ہیری بروک نے 17، جوس بٹلرنے 15، ڈیوڈ ولی نے 12، عادل رشید نے 10 رنز اسکور کیے، گس اٹکنسن نے 35 جب کہ مارک ووڈ 43 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، ریس ٹوپلے زخمی ہونے کے باعث کھیل نہیں سکے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے عمدہ بولنگ جیرالڈ کوٹزی نے کی انہوں نے 3 اہم انگلش بیٹرز کو پویلین بھیجا جب کہ مارکو جانسن، لنگی نگیڈی نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کاگیسو ربادا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جب کہ کیشو مہاراج نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے ورلڈ کپ 2023 کے 20 ویں میچ میں انگلینڈ کو 400 رنز کا پہاڑ جتنا ہدف دیا، جنوبی افریقہ کی بیٹنگ کی خاص بات مِڈل آرڈر بیٹر ہینرک کلاسن کا سینچری اسکور ہے۔ انہوں نے 12 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 67 گیندوں پر 109 رنز اسکور کیے۔
ورلڈ کپ 2023 کے 20 ویں میچ میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی جو کہ انتہائی مہنگی ثابت ہوئی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئنٹن ڈی کاک اور رضا ہینڈرکس نے اننگز کا آغاز کی تو ابتدا میں ہی کوئنٹن ڈی کاک 4 رنز پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، انہیں ٹوپلی کی گیند پر بٹر نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا، اس کے بعد راسی وین ڈیر ڈوسن کریز پر آئے تو انہوں نے رضا ہینڈریکس کے ساتھ مل کر جارحانہ انداز اپنایا، دونوں نے مل کر جنوبی افریقہ کے رنز میں 125 رنز کا اضافہ کیا، تاہم راسی وین ڈیر ڈوسن 8 چوکوں کی مدد سے 61 گیندوں پر 60 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں بھی ٹوپلی کی گیند پر بیرسٹاؤ نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا۔
رضا ہینڈریکس بھی اس کے بعد 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 85 رنز اسکور کر کے آؤٹ ہو گئے، انہیں راشد کی گیند پر بیرسٹاؤ نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا۔
اس کے بعد جنوبی افریقہ کہ کپتان ایڈن مارکرم خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، وہ 42 رنز کی اننگز کھیل کر ٹوپلے کی گیند پر بیرسٹاؤ کے ہاتھوں ہی کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ڈیوڈ ملر نے 5 رنز اسکور کیے اور انہیں بھی ٹوپلے نے ہی آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقہ کے 6 آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہینرک کلاسن تھے جنہوں نے انتہائی عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے 12 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 67 گیندوں پر 109 رنز اسکور کیے۔ جنوبی افریقہ کے 7 ویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جیرالڈ کوٹزی تھے وہ محض 3 رنز اسکور کر سکے۔ ہینرک کلاسن کے بعد سب سے عمدہ اننگز مارکو جانسن نے کھیلی انہوں نے 3 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 75 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 4، دوسری 125، تیسری 164، چوتھی 233، جب کہ پانچویں 243، 6 ویں وکٹ 394 اور 7 ویں وکٹ 398 کے مجموعی اسکور پر گری۔
انگلینڈ کی طرف سے ریس ٹوپلے نے سب سے عمدہ باولنگ کی انہوں نے جنوبی افریقہ کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب عادل رشید اور گس اٹکنسن نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو واپس پویلین بھیجا۔
انگلینڈ ٹیم کا اسکواڈ
انگلینڈ کی ٹیم میں جونی بیرسٹو، داؤد ملان، جو روٹ، بین اسٹوکس، ہیری بروک، جوس بٹلر، ڈیوڈ ولی، عادل رشید، گس اٹکنسن، مارک ووڈ، ریس ٹوپلے شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کا ٹیم اسکواڈ
جنوبی افریقہ کی ٹیم میں وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کاک ، رضا ہینڈرکس اوپننگ بیٹر، راسی وین ڈیر ڈوسن ٹاپ آرڈر بیٹر، ایڈن مارکرم کپتان، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، جیرالڈ کوٹزی، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، لنگی نگیڈی شامل ہیں۔