سگریٹ کی قیمتوں میں اضافہ اور سگریٹ نوشوں کا اضطراب

جمعرات 23 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سگریٹ کی قیمتوں میں اضافے سے سماجی رابطے اور دوستیاں بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ پاکستان میں سگریٹ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں سگریٹ کے عادی افراد جھنجلاہٹ کا شکار ہیں۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کچھ سگریٹ نوش صارفین کا کہنا تھا کہ سگریٹ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے انہیں بری طرح متاثر کیا ہے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے آصف رضا کا کہنا ہے کہ ’میں نے خود تو ابھی تک سگریٹ نہیں چھوڑے اور نہ ہی ایسا سوچا ہے‘۔

آصف رضا کے مطابق سگریٹ کی قیمتوں میں اضافے کے باعث سگریٹ مانگ کر پینے کا رجحان کافی زیادہ بڑھ گیا ہے اور اس حوالے سے لوگ کافی بے مروت بھی ہو گئے ہیں۔ اب اس بات کا عام مشاہدہ کیا جا سکتا ہے کہ سگریٹ نوش اپنے قریبی دوست کو بھی سگریٹ دینے سے منع کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں کر رہے۔ ظاہر ہے کہ سگریٹ کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے سے پیدا ہونے والا یہ رویہ تعلقات کو متاثر کر رہا ہے‘۔

فائل فوٹو

مارکیٹ سے سستے ’سگریٹ غائب‘

آصف رضا نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے کافی دوستوں نے سگریٹوں کی آسمان سے باتیں کرتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے اسموکنگ ترک کر دی ہے، ’پہلے میرے کئی دوستوں نے سستے سگریٹ پینا شروع کیے، جن کی قیمت تقریباً 90 روپے تھی اور جب زیادہ تر لوگوں کا ان سستے سگریٹ برانڈز کی جانب رجحان بڑھا تو وہ بھی 140 روپے کے ہو گئے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ مارکیٹ سے ایسے سستے سگریٹ ناپیدا ہوگئے ہیں‘۔

نامور صحافی اور کالم نگار عمار مسعود نے وی نیوز کو بتایا، ’میں نے سگریٹ کی قیمتوں میں دُگنے اضافے کے بعد سگریٹ برانڈ بدل لینا ہی ضروری سمجھا‘۔ انہوں نے بتایا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ شائد سگریٹ کی سیل میں کمی آئے گی مگر ایسا ہونا مشکل ہے کیونکہ تمباکو نوش کبھی بھی قیمتوں میں اضافے کی بنا پر سگریٹ پینا ترک نہیں کر سکتا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ایک سگریٹ نوش دوسرے سگریٹ نوش کا خیال کرتا ہے تو میں سگریٹ شیئر کرتا رہوں گا‘۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے ایک صارف عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ سگریٹ کی قیمتوں میں اضافے نے ماہانہ اخراجات میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث سگریٹ کے عادی افراد بہت بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، خاص طور پر کم آمدن والے لوگ پریشان ہیں۔

عبدالرحمان کے مطابق ’سگریٹ کی ڈبیا 250 روپے کی ملتی تھی اب وہی ڈبیا 500 روپے میں خریدتے ہوئے افسوس ہوتا ہے، خرید تو لیتا ہوں مگر پیتے ہوئے بہت دکھ ہوتا ہے۔ کوشش کرتا ہوں تنہائی میں پیؤں تا کہ کوئی مانگ نہ لے‘۔

سگریٹ فروش کیا کہتے ہیں؟

اسلام آباد کے ایک سگریٹ فروش نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’سگریٹ کی قیمتوں میں جتنا مرضی اضافہ ہو جائے، سگریٹ نوش کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ان کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافے کے باوجود سگریٹ کی فروخت میں خاص فرق نہیں آیا، کچھ گاہکوں نے سگریٹ برانڈ ضرور بدل لیا ہے مگر سگریٹ نوشی کے رجحان میں کمی نہیں آئی‘۔

سگریٹ تیار کرنے والی کمپنیوں کو نقصان

پاکستان ٹوبیکو لمیٹڈ کمپنی کےایریا مینجر طارق عزیز سگریٹ کی قیمتوں پر ٹیکس کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’قیمتوں میں اضافے سے کمپنی کو نقصان ہو رہا ہے۔ سیلز میں تقریباً 70 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ لوگ اسمگل شدہ سگریٹوں پر شفٹ ہو رہے ہیں، جن کی قیمت بہت کم ہے‘۔

سگریٹ کے ایک پیکٹ کی پیداواری لاگت کتنی ہے؟

سگریٹ کے ایک پیکٹ کی پیداواری لاگت مختلف ممالک میں مختلف ہوتی ہے۔ اس کا انحصار مقامی مارکیٹ میں اُجرت اور خام مال کی قیمتوں پر ہوتا ہے۔ اس حوالے سے 2012 میں ’ٹوبیکو فری آرگنائزیشن‘ نے ایک رپورٹ جاری کی تھی، جس کے مطابق سگریٹ کے ایک پیکٹ کی تیاری کے اخراجات حیرت انگیز حد تک کم ہوتے ہیں۔

فلپ مورس (2012) کی سالانہ رپورٹ کے مطابق امریکہ میں مارلبرو گولڈ کا ایک پیکٹ تیار کرنے پر کمپنی کے 26 سینٹ خرچ ہوتے ہیں یعنی پاکستانی 67.6 روپے۔

سگریٹ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ میمز دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ فوٹو/سوشل میڈیا

آر جے رینالڈز ٹوبیکو کمپنی کی سالانہ رپورٹ (2013) سے پتا چلتا ہے کہ ونسل لائٹ سگریٹ کے ایک پیکٹ کی پیداوار میں 23 سینٹ( پاکستانی تقریبا 60 روپے) کی لاگت آتی ہے۔ تاہم بھاری ٹیکسوں، شپنگ اور ہینڈلنگ کے اخراجات کی وجہ سے تمباکو نوش اپنی لت کو پورا کرنے کے لیے بہت زیادہ قیمت ادا کرتے ہیں۔

’تمباکو مافیا‘ کی طاقت

ہر سال بجٹ کی تیاری کے دوران سگریٹ کی قیمتوں کا مسئلہ زیر بحث رہتا ہے. انسداد تمباکو مہم کے حمایتی ہمیشہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ سگریٹ پر ٹیکس لگا کر اسے مزید مہنگا کیا جائے تاکہ لوگ خرید ہی نہ سکیں اور سگریٹ نوش افراد کی تعداد کم ہو سکے۔

دوسری جانب تمباکو کی حامی لابی حکومت اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے مہم چلاتے ہیں۔ ان کے مطابق سگریٹ پر ٹیکس لگنے سے لوگوں میں غیر قانونی سگریٹ خریدنے کا رجحان بڑھتا ہے۔

سگریٹ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ میمز دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ فوٹو/سوشل میڈیا

سگریٹ پر کتنا ٹیکس لگایا گیا؟

ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق مقامی سگریٹ پر ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت مقامی نو روپے سے زائد قیمت کی سگریٹ پر 16.5 روپے اور نو روپے سے کم قیمت کی سگریٹ پر 5.5 روپے ایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مقامی ایک ہزار سگریٹ کی قیمت نو ہزار سے زائد ہونے پر 16500 روپے ایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے، جب کہ مقامی ایک ہزار سگریٹ کی قیمت نو ہزار یا کم ہونے پر پانچ ہزار پچاس روپے ایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp