استنبول: ترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا حصہ بنے والی پاکستانی ٹیم ترکیہ کے شہر آدیامان میں 17 روزہ خدمات انجام دینے کے بعد وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگئی۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب کے اختتام پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا حصہ بننے والی پاکستانی ٹیم کو تالیوں کی گونج میں الوداع کیا گیا۔
قومی نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق الوداعی تقریب میں استنبول کے ڈپٹی گورنر اوزلم بوزکُرت گیورک، ترکی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید، ترک وزارت خارجہ کی نائب سفیر زینب کلیلے، AFAD کی کوآرڈینیٹر برائے استنبول مسز سیوال ڈیڈے اوگلو سمیت دیگر ٹیموں نے شرکت کی۔
سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے پاکستان سے ترکیہ پہنچنے والی ٹیم میں 33 ممبران پاکستان آرمی اور 53 ممبران ریسکیو 1122 کے شامل تھے۔
پاکستانی ٹیم 7 فروری 2023 کو آدیامان پہنچنے والی اولین ٹیموں میں شامل تھی، آدیامان میں ہونے والے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران ملبے تلے افراد میں سے مجموعی طور پر 28 افراد کو زندہ ڈھونڈ نکالا گیا۔ ان میں 14افراد وہ تھے جنہیں پاکستانی ٹیم کی کوششوں کی بدولت نئی زندگی ملی۔
الوداعی تقریب سے خطاب میں استنبول کے ڈپٹی گورنر اوزلم بوزکُرت گیورک نے مشکل وقت میں ترکیہ کا ساتھ دینے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر ترکی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان و دو قالب کی مانند ہیں۔ پاکستانی عوام نے تباہ کن زلزلوں کے بعد اپنے ترک بھائیوں کا درد محسوس کیا ہے۔
پاکستانی سفیر نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان امدادی اور بحالی کی کوششوں میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔














