چند روز سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ذاتی میسیج لیک ہونے کا معاملہ خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔ اس معاملے پر کرکٹرز، تجزیہ نگاروں اور شائقین کرکٹ میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ ایسے وقت میں جب ورلڈ کپ جاری ہے، غیر ملکی میڈیا پر یہ معاملہ پاکستان کی تضحیک کا باعث بن رہا ہے اور ملکی و غیرملکی کرکٹرز اس غیراخلاقی حرکت کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
بابر اعظم کے اسکرین شاٹ میڈیا کو لیک کرنے پر سابق انگلش کپتان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر شدید تنقید کی ہے۔
مائیکل وان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا بابر اعظم کو عزت نہ دینا انتہائی مایوس کن ہے۔
Micheal Vaughan stands for Babar Azam and lashes PCB — “I’m very disappointed with the lack of respect Babar is given by PCB. The leaked screenshots and rumors of Shaheen becoming captain is a disgrace to Babar. Babar is world-class batter. He is fantastic for not only Pakistan… pic.twitter.com/fVHPpaqXE3
— Arfa Feroz Zake (@ArfaSays_) October 31, 2023
بھارت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائیکل وان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کے اسکرین شاٹ لیک کرنا اور یہ افواہیں پھیلانا کہ شاہین شاہ آفریدی کپتان بن رہے ہیں، یہ بابر اعظم کی تضحیک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم ایک ورلڈ کلاس بیٹر ہیں، وہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیائے کرکٹ کے لیے بھی بہت عمدہ کرکٹر ہیں۔
بابر اعظم کی کپتانی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی کپتانی پر ورلڈ کپ ختم ہونے کے بعد بات ہو سکتی ہے لیکن ورلڈ کپ کے دوران اس طرح افواہیں پھیلانا اور اسکرین شاٹ لیک کرنا بابر اعظم کی تضحیک ہے۔
یاد رہے کہ راشد لطیف کے دعوؤں اور بابراعظم کی ذکا اشرف کو فون کال کرنے سے متعلق ایک نجی ٹی وی چینل کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان کا مبینہ واٹس ایپ میسج لائیو پروگرام میں نشر کیا گیا تھا۔
لائیو ٹی وی پروگرام پر نشر ہونے والا مبینہ اسکرین شاٹ بابر اعظم اور پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کے درمیان واٹس ایپ پر ہونے والی گفتگو کا تھا۔