غزہ صورتحال: امریکا اور یورپی یونین کا کردار انتہائی شرمناک ہے، سینیٹر مشتاق احمد

منگل 31 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ میں امریکا اور یورپی یونین کا کردار بہت شرمناک ہے۔

پشاور کے ایک نجی اسپتال میں منعقدہ غزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے فلسطین میں 19 اسپتالوں کو بمباری سے تباہ کر دیا، اسپتالوں پر بمباری کے باجود ڈاکٹروں نے وہاں علاج معالجے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، ڈاکٹرز کا اس جنگ میں بہت بڑا کردار ہے، وہ زخمی بچوں اور ماؤں بہنوں کا علاج کر رہے ہیں۔

سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ اسرائیل نے ہزاروں خواتین اور بچوں کو بمباری کا نشانہ بنایا، یت المقدس اور مسجد اقصیٰ کا مسئلہ صرف فلسطینوں کا نہیں بلکہ تمام مسلمانوں کا مسئلہ ہے، اسرائیل نے فلسطین کو چاروں طرف سے گھیرلیا ہے، اسرائیل گزشتہ 5 دن میں غزہ پر فاسفورس بموں سمیت 6 ہزار سے زائد بم گراچکا ہے اور غزہ شہر کی 50 فیصد سے زائد عمارتوں کو بمباری سے تباہ کرچکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں پانی، بجلی، خوراک اور ادویات کی ترسیل پر مکمل طور پابندی لگائی گئی ہے، امریکا اور یورپی یونین کا کردار اس معاملے میں بہت شرمناک ہے، حماس نے اسرائیل پر حملہ نہیں کیا بلکہ جو علاقے ان سے قبضہ میں لیے گئے تھے، ان کی واپسی کے لیے جدوجہد کی تھی، فلسطینی اپنے گھر گئے تھے جہاں سے ان کو نکالا گیا تھا۔

سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق ہے، اگر مسئلہ بنا تو امریکا ان کے ساتھ ہے، امریکہ کے حکام نے اسرائیل کا دورہ کیا اور اپنے ساتھ اسلحہ بھی ساتھ لیکر گئے، اقوام متحدہ کا کردار بھی بہت شرمناک ہے، او آئی سی بھی صرف تماشائی بنی ہوئی ہے اور کچھ نہیں کرسکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے فلسطین کے حق میں قرارداد پاس کروائی تھی، اسلامی ممالک فلسطین کے معاملے پرصرف مذمت کرتے ہیں اور کچھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، اسلامی ممالک بھی یورپ کے غلام بن گئے ہیں، ان کیخلاف آواز نہیں اٹھاسکتے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp