بلوچستان میں صحت کارڈ کا اجرا، سالانہ 10 لاکھ روپے کا مفت علاج ہوسکے گا

جمعہ 3 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے افغان وزیر دفاع کی جانب سے پاکستان سے تارکین وطن کی واپسی پر تنقید کو بے جا قرار دیتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن خواہ ان کا تعلق کسی بھی ملک سے ہو انہیں واپس بھیجا جائے گا۔

کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات کے ہمراہ پریس کانفرنس  کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ دنیا بھر میں تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں کی جاتی ہے، پاکستان تارکین وطن کو صرف ڈی پورٹ کرکے ان پر احسان کر رہا ہے۔

جان اچکزئی  کا کہنا تھا کہ ہم نے افغان مہاجرین کی 40 سال تک مہمان نوازی کی ہے، افغان مہاجرین افغانستان کے شہری ہیں انہیں اب اپنے ملک واپس چلے جانا چاہیے۔

نگراں صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی ہدایت پر غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں تیز ہو گئی ہیں، نادرا کی جانب سے بلاک کیے گئے اب تک ایک لاکھ شناختی کارڈز میں 40 ہزار کوئٹہ سے تعلق رکھتے تھے، جعلی شناختی کارڈز بنانے والوں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔

جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ نگراں وزیر اعلی بلوچستان کی سربراہی میں صحت کارڈ کا اجرا ہوچکا ہے، صحت کارڈ کے ذریعے ہر خاندان سالانہ 10 لاکھ روپے مالیت تک مفت علاج کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp