کرینہ کپور خان بالی وڈ کی ان چند اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے قدم قدم پر سسٹم کو للکارا ہے اور دبنگ طریقے سے اپنی ذاتی زندگی کو میڈیا میں بھی ڈسکس کیا ہے۔ وہ ان لوگوں میں سے ہیں جنہیں کوئی بھی بات کرنے سے ڈر نہیں لگتا اور وہ بیحد منہ پھٹ سمجھے جاتے ہیں۔
اپنی شادی اور 2 بچوں کی پیدائش پر بھی کرینہ نے دنیا بھر کے میڈیا کا بڑی ہمت سے سامنا کیا اور جو ان کے دل میں ہوتا تھا وہ کہہ دیتی تھیں۔ کرینہ کپور کی شادی بالی وڈ اداکار سیف علی خان سے ہوئی ہے اور ان کے 2 بیٹے ہیں جن کے نام تیمور اور جہانگیر ہیں۔ ان کے چھوٹے بیٹے جہانگیر کی پیدائش سنہ 2021 میں ہوئی جس کے بعد انہوں نے اپنی کتاب ’کرینہ کپور خانز پریگننسی بائبل‘ لکھی۔ یہ کتاب ان نئی ماؤں کے لیے ہے جنہیں ماں بننے سے پہلے کچھ چیزیں سیکھنے اور جاننے کی ضرورت ہوتی ہے۔
یو اے ای کے شہر شارجہ میں ہونے والے انٹرنیشنل بک فیئر کے دوران اپنے مداحوں کے بیچ بیٹھ کہ کرینہ نے کہا کہ ’جب مجھے حمل پر کتاب لکھنے کی پیشکش ہوئی تو میں نے سوچا کہ مچھ سے بہتر اس پر کون بات کر سکتا ہے‘۔ کرینہ ہمیشہ سے اپنے برملا انداز کی وجہ سے جانے جاتی ہیں اور اس کتاب میں انہوں نے کھل کے اپنے تجربات بیان کیے ہیں جو بہت سی عورتوں کو آنے والے وقت میں کام بھی آ سکتے ہیں۔
کرینہ نے کہا کہ یہ کتاب انہوں نے اپنے دوسرے بیٹے کی پیدائش کے دوران لکھی اور ان کے حساب سے انہیں کتاب کے لیے اس سے بہتر کوئی اور موضوع نہیں مل سکتا تھا۔ انہوں نے بک فیئر میں بتایا کہ ان کی پہلی پریگننسی اتنے آرام سے گزری تھی کہ وہ آخری مہینے تک بھی کام کرتی رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کتاب میں کھانے پینے سے لے کر روز مرہ کی زندگی میں ہونے والی ہر قسم کی چیز ملے گی۔
اس کتاب میں عورتوں کی نفسیات سمیت ہر موضوع پر بات ہوئی ہے جیسے کہ وزن کا بڑھنا، بیچینی ہونا اور خود کو کمتر محسوس کرنا۔ انہوں نے کہا کہ عورت کے لیے سب سے بڑا تحفہ ہے کہ وہ اپنے آپ کو ویسے اپنا لے جیسی کہ وہ ہے اور کچھ بدلنے کی کوشش نہ کرے۔ ان کے حساب سے عورتیں اپنے آپ میں ویسے ہی خوش رہنا سیکھیں جیسی کہ وہ ہیں اور خصوصاً دوران حمل یہی عورت کی سب سے بڑی جیت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں ایک پنجابی لڑکی ہوں جو کھانا پسند کرتی ہے لیکن میرا وزن صرف 45 کلوگرام تھا اور ایسا ہونا واقعی مشکل ہے۔ ’ انہوں نے کہا کہ خواہ ان کا وزن کم ہوتا یا زیادہ وہ خود سے پیار کرتی ہیں۔
فلمی کیریئر پر گفتگو کرتے ہوئے کرینہ نے کہا کہ انہوں نے بہت سے ایسے کردار کیے جو ان کے دل کے بہت قریب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا صرف یہی خواب ہے کہ وہ فلمیں بناتی رہیں اور اچھا کام کرتی رہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اب فلم انڈسٹری میں کافی کچھ بدل گیا ہے اور نئی لڑکیاں جدت طرازی کے ذریعے فلم انڈسٹری میں مثبت تبدیلیاں لائی ہیں۔
انہوں نے مذاق کے طور پر کہا کہ وہ کھانا بنانے کی بالکل شوقین نہیں ہیں لیکن ان کے شوہر سیف بہت اچھا کھانا بناتے ہیں۔ یو اے ای کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کے بڑے بیٹے تیمور کو دبئی دیکھنے کا بہت شوق ہے اور وہ خود بھی چاہتی ہیں کہ اپنی فیملی کے ہمراہ دبئی کا دورہ کریں۔