NA-193 ضمنی انتخاب: پی ٹی آئی کے محسن لغاری نے میدان مارلیا

اتوار 26 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راجن پور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے محسن لغاری نے میدان مار لیا ہے۔

راجن پور کے حلقہ این اے 193 کے ضمنی انتخابات میں تمام 237 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار محمد محسن لغاری 90,392 ووٹ لیکر پہلے نمبر پر ہیں۔

دوسرے نمبر پر مسلم لیگ ن کے عمار احمد خان لغاری نے 55,218 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اختر حسین خان گورچانی  20,074 ووٹ حاصل کر کے تیسرے، تحریک لبیک پاکستان کے محمد احمد 3,961 ووٹ کے ساتھ چوتھے اور آزاد امیدوار خادم حسین 1,670 ووٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کے لیے صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہا، 3 لاکھ 79 ہزار 204 کے قریب ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

واضح رہے کہ ضمنی الیکشن میں 11 امیدوار میدان میں تھے تاہم اصل مقابلہ (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان قرار دیا جا رہا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں ووٹنگ کیلئے 237 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے جن میں سے 68 کو حساس قرار دیا گیا، کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے 2 ہزار 650 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے، رینجرز اور آرمی کے جوانوں نے بھی گشت کیا۔

واضح رہے کہ راجن پور کے حلقہ این اے 193 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار جعفر لغاری کے انتقال پر خالی ہوئی تھی، اس سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے این اے 193 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست بھی کی گئی تھی۔

موجودہ حالات میں اس غیر معمولی کامیابی پر پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے کی جانے والی ٹوئٹ میں اظہار مسرت کے ساتھ درج ہے کہ’عوام نے پچھلے دس ماہ میں ہونے والے تمام ضمنی انتخابات میں یہ ثابت کیا ہے کہ ووٹ کی طاقت صرف اور صرف اب عمران خان کے ساتھ ہے اور آج جام پور ضمنی الیکشن میں ایک بار پھر عوام کی جیت ہوئی ہے‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp