نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان انتقال کر گئے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق اعظم خان کو گزشتہ شب دل کا دورہ پڑنے پر نجی اسپتال آر ایم آئی منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ان کا نماز جنازہ آج دن 3:30 بجے پڑانگ چارسدہ میں ادا کیا جائے گا۔
محمد اعظم خان نے 21 جنوری 2023 کو نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا حلف اٹھایا تھا، اور ساڑھے 9 ماہ تک صوبے کے وزیر اعلیٰ کا منصب سنبھالے رکھا۔ اعظم خان 2018 کے نگراں سیٹ اپ میں وفاق کے وزیر داخلہ بھی تھے۔
صوبائی کابینہ تحلیل، اختیارات گورنر کو منتقل
سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کے مطابق نگراں وزیر اعلی کے انتقال کے بعد صوبائی کابینہ تحلیل ہو چکی ہے، اب تمام اختیارات گورنر خیبرپختونخوا کو منتقل ہو چکے ہیں۔
صوبے میں 3 روزہ سوگ کا اعلان
نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کے اچانک انتقال کے باعث صوبائی حکومت نے گہرے دکھ اور افسوس کے ساتھ 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
11 سے 13 نومبر 2023 تک صوبے بھر میں سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، مذکورہ مدت کے دوران خیبر پختونخوا کے تمام سرکاری دفاتر، عمارتوں پر پاکستان کا قومی پرچم نصف سرنگوں رہے گا۔
جبکہ تمام سرکاری دفاتر پیر 13 نومبر 2023 کو کھلے رہیں گے۔
اعظم خان کا بطور سرکاری افسر کردار تمام سول سرونٹس کے لیے مشعل راہ رہے گا، نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے بلندی درجات اور سوگواران کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اعظم خان نے تمام عمر عوام کی بطور ایک فرض شناس اور قابل افسر خدمت کی، اعظم خان کا بطور سرکاری افسر کردار تمام سول سرونٹس کے لیے مشعل راہ رہے گا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اعظم خان نے بطور نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا مشکل وقت میں صوبے کے انتظامی امور کو احسن طریقے سے انجام دیا، اعظم خان نے صوبے میں امن و امان اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تعزیت
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اعظم خان کے انتقال پر انتہائی دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اعظم خان کے وفات پر شدید افسوس ہوا ہے۔ محسن نقوی نے اعظم خان کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کرتے ہوئے اظہار افسوس کیا۔
نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کی تعزیت
نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے اعظم خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے اعظم خان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
سابق وزیر اعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خان نے بطور سول سرونٹ ایمانداری کے ساتھ پیشہ ورانی خدمات انجام دیں، وہ ایک ایسے خاندان سے تعلق رکھتے تھے جن کے کئی افراد نے ملک وقوم کی بڑے خلوص سے خدمت کی۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کی مہم کے دوران اعظم خان نے نہایت جانفشانی اور اخلاص سے کام کیا، 16 ماہ کی مخلوط حکومت کے دوران ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، ان کا جذبہ خدمت دیکھ کر بہت متاثر ہوا۔ وہ کم گو لیکن نہایت ذہین اور بیدار ذہن شخص تھے۔ ملک وقوم کے لیے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، اہل خانہ اور تمام وابستگان کو صبر جمیل دے۔ آمین
اعظم خان کے کیریئر پر مختصر نظر
محمد اعظم خان ریٹائرڈ بیوروکریٹ تھے جو ماضی میں وزیرخزانہ اور وفاقی سیکریٹری وزارت پیٹرولیم و قدرتی وسائل اور وفاقی سیکریٹری مذہبی امور رہ چکے ہیں۔ ان کا تعلق چارسدہ کے پڑانگ علاقے سے ہے اور وہ سابق انسپکٹر جنرل پولیس محمد عباس خان کے بھائی ہیں۔
20 جنوری 2023 کو خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے مشاورت کے بعد ریٹائرڈ بیوروکریٹ محمد اعظم خان کو نگران وزیراعلیٰ بنانے کے لیے اتفاق کیا تھا۔ جس کے بعد گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے نگران وزیراعلی کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا۔ انہوں نے 21 جنوری 2023 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
محمد اعظم خان نے پشاور یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی تھی، جس کے بعد وہ بار ایٹ لا کی ڈگری مکمل کرنے کے لیے لنکنز ان لندن میں بھی زیرِ تعلیم رہے اور 1962 میں قانون کی ڈگری حاصل کی تھی۔