نئے نگراں وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) ارشد حسین کون ہیں؟

اتوار 12 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر خیبرپختونخوا نے نئے نامزد نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے نام کی منظوری دے دی، سابق وزیر اعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم  درانی نے جسٹس (ر) ارشد حسین کو نگراں وزیر اعلیٰ بنانے کی تجویز پیش کی تھی۔ جسٹس ارشد حسین، محمد اعظم خان کی کابینہ میں شامل تھے اور نگراں وزیر قانون تھے۔ ارشد حیسن کا تعلق ہزارہ ڈویژن کے ضلع ایبٹ آباد سے ہے۔

جسٹس (ر) ارشد حسین کون ہیں؟

نگراں وزیراعلیٰ جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ کا تعلق ہزارہ ڈویژن کے ضلع ایبٹ آباد سے ہے، گریڈ 22 افسر نظر حسین، اور ڈی آئی جی سید شہزاد کے بھائی ہیں۔

جسٹس ارشد حسین شاہ  نگراں وزیر قانون بھی رہے ہیں۔ جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نے سال 2019 میں سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان کے چیف جج تعنیات ہوئے۔

گورنر نے وزیر اعلیٰ کے نام کی توسیق کردی

ذرائع کے مطابق ریٹائرڈ جسٹس ارشد حسین کا نام سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے تجویز کیا تھا، محمود خان بھی ریٹائرڈ جسٹس ارشد حسین کے نام پر متفق ہوئے ہیں۔

ریٹائرڈ جسٹس ارشد حسین کا بطور نگراں وزیر اعلیٰ تقرری کے لیے نام گورنر خیبرپختونخوا کو بھیجا گیا، جس کے بعد گورنر غلام علی نے نگراں وزیر اعلیٰ کے نام کی توسیق کرتے ہوئے منظوری دے دی۔

آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے

ذرائع گورنر ہاؤس کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ ارشد حسین شاہ آج شام 6 بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نئے نگراں وزیر اعلیٰ سے ان کےعہدے کا حلف لیں گے۔

مشاورتی اجلاس وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوا

نگراں وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کی وفات کے بعد نئے نگراں وزیرا علیٰ کے لیے مشاورتی اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا۔ گورنر خیبر پختونخوا کی خصوصی دعوت پر سابق وزیرا علیٰ کے پی محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے نئے وزیر اعلیٰ کے نام پر مشاورت کی۔

اجلاس میں جسٹس (ر) ارشد حسین کے نام پراتفاق کے بعد نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے نامزد کیا گیا۔ اس سے قبل نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے لیے گورنر خیبر پختونخوا کی دعوت پر وزیر اعلیٰ ہاؤس میں دن 11 بجے اجلاس شروع ہوا۔

نگراں وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان کی وفات کے بعد گزشتہ شام گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے قانونی ٹیم کے ساتھ نگراں وزیر اعلیٰ کے حوالے سے مشاروت کی۔ جس میں ایڈوکیٹ جنرل کے پی عامر جاوید نے سابق وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کو مشاروت کا حصہ بنانے کی تجویز دی تھی۔ اور اسی تجویز پر گورنر نے محمود خان اور اکرم درانی کو مشاروت کی دعوت دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp