ن لیگی وفد کی متحدہ قیادت سے ملاقات: سندھ میں انتخابی اتحاد بنائیں گے، سعد رفیق

اتوار 12 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم پر دونوں جماعتوں کا اتفاق ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ پاکستان اس وقت معاشی مشکلات کا شکار ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ مختلف الخیال سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر مسائل پر بات کریں۔

سعد رفیق نے کہاکہ ہم نے پاکستان میں موجودہ جمہوریت کو عام آدمی کی جمہوریت میں بدلنا ہے۔ بلدیاتی نظام کو نہایت مہذب ہونا چاہیے۔ ایم کیو ایم اور ن لیگ کی ٹیمیں مشترکہ مقاصد کے لیے کام کر رہی ہیں۔

مزید پڑھیں

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے منشور میں نظام عدل میں اصلاحات کو پہلے نمبر پر رکھیں گے تاکہ ایسے لوگ ججز بنیں جو کسی کا دباؤ قبول نہ کریں اور مقدمات کے بروقت فیصلے ہوں۔

سعد رفیق نے کہاکہ ہمارا پیرا آف پگارا اور جمعیت علما اسلام کی قیادت سے بھی رابطہ ہوا ہے، ہم الیکشن میں سندھ میں اتحاد بنانے کی کوشش کریں گے تاکہ ایسے لوگ منتخب ہو کر آگے آئیں جو عوام کے حقوق کا تحفظ کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور ایم کیو ایم کے  درمیان سیٹوں کی تقسیم پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

پاکستان کو نیتوں کے بحران کا سامنا ہے، خالد مقبول صدیقی

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ پاکستان اس وقت مالی، اتنظامی، عدالتی اور آئینی بحرانوں سے گزر رہا ہے لیکن اصل بحران نیتوں کا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ پاکستان کو اللہ نے بے پناہ وسائل سے نواز رکھا ہے، وسائل کی منصفانہ تقسیم سے پاکستان ایسا ملک بنے گا جس کی دنیا میں عزت ہو گی۔

انہوں نے کہاکہ  ہمیں پاکستان کے آئین کو اس قابل بنانا ہو گا کہ عام آدمی کے حقوق کی حفاظت کر سکے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جس طرح وفاق اور صوبے کی حکومتوں کو آئینی تحفظ حاصل ہے اسی طرح لوکل حکومتوں کو بھی آئینی تحفظ حاصل ہو۔

خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ بلدیاتی حکومتوں کے اختتام پر نگراں کابینہ کو آنا چاہیے جو بروقت انتخابات کرائے۔ ہمیں ایک دوسرے کو تسلیم کرنا ہوگا۔

کسی کو مائنس کرنا مسلم لیگ ن کے ایجنڈے میں شامل نہیں، سعد رفیق

قبل ازیں کراچی میں مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما سعد رفیق اور ایاز صادق نے پریس کانفرنس کی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کسی کو مائنس کرنا ہمارے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔ کراچی کے دورے کا مقصد بڑا واضح ہے، کل ہم جے یو آئی اور پیرپگاڑا کی رہائش گاہ گئے آج ہم ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت کی ہدایت پر کراچی آئے ہیں، کراچی کی تعمیرو ترقی  کے لیے اصلاحات کریں گے، اور ایم کیو ایم سے لاہور میں ہونے والی بات چیت کو آگے بڑھائیں گے۔

’ایم کیو ایم سے بات چیت کا نقطہ یہ ہے کہ اگر حکومت بنی تو کونسی آئینی اصلاحات کرنی ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ کراچی کھنڈرات کی صورت اختیار کرگیا ہے، اس حوالے سے ہمارے سماجی اور سیاسی رابطے جاری ہیں، بلدیاتی نظام کو مؤثر بنانے کے لیےاقدام کریں گے۔

’کراچی کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا، ہم نے مستقبل کی بات چیت کرنی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ کسی کو مائنس کرنا ہمارے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے، پی ٹی آئی نے پاکستان کی سیاست کو گندا کیا ہے اور اپنے آپ کو خود ہی نقصان پہنچایا ہے۔ تحریک انصاف نے جس طرح کا ماحول بنایا تھا وہ ختم کرنا ہے۔

’ہم کسی کو مائنس کرنے کے حق میں نہیں ہیں، ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔‘

سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہمارے دورے کے بعد نوازشریف کے کراچی آنے سے متعلق فیصلہ ہوگا، نوازشریف 14 تاریخ کو بلوچستان جائیں گے، گالم  گلوچ اور بدتمیزی کی نفی کرنا ضروری ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ ان جماعتوں سے ملیں گے جن کے ساتھ ہمارا سیاسی اتحاد ہوسکتا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے ہی دورے کر رہے ہیں۔ ہم اتحادی بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ترقی کا نقشہ بھی بنانا چاہتے ہیں۔ ہم سب سے تعلقات اور بات چیت رکھنا چاہتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp