پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے سے قبل ہی ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے لیکن اس کے باوجود قومی ٹیم کو کروڑوں روپے ملیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم نے بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں گروپ اسٹیج کے 9 میں سے 4 میچوں میں فتح حاصل کی ہے جس کے بعد پانچویں پوزیشن کے ساتھ اپنے سفر کا اختتام کیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ورلڈ کپ کے لیے مجموعی طور پر 10 ملین ڈالرز انعامی رقم رکھی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ میں فی میچ جیتنے کے 40 ہزار ڈالرز رکھے گئے ہیں جبکہ جو ٹیم گروپ مرحلے سے باہر ہو گی اس کو ایک لاکھ ڈالر ملیں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم جو اپنے 4 میچ جیتنے کے بعد گروپ مرحلے سے باہر ہوئی ہے اسے انعامی رقم میں سے مجموعی طور پر 2 لاکھ 60 ہزار ڈالرز دیے جائیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کو 4 میچوں میں کامیابی حاصل کرنے پر ایک لاکھ 60 ہزار ڈالرز ملیں گے جبکہ گروپ مرحلے کے ایک لاکھ ڈالر علیحدہ دیے جائیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کو کل ملا کر تقریباً 7 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم ملے گی۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے سیمی فائنل ہارنے والی ٹیموں کو 8،8 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے، ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 40 لاکھ ڈالرز جبکہ رنر اپ ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔