سائفر کیس: وفاقی کابینہ نے عمران خان اور شاہ محمود کے جیل ٹرائل کی منظوری دیدی

اتوار 12 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی کابینہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے جیل ٹرائل کی منظوری دے دی ہے۔

عمران خان اور شاہ محمود کے جیل ٹرائل کے لیے وزارت قانون کی سمری وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے منظور کی۔

Federal Cabinet by Ghulam Mustafa hashmi

 

سمری کے مطابق وزارت داخلہ اور آفیشل سیکرٹ عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے جیل ٹرائل کی سفارش کی۔

سمری میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو درپیش سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے جیل ٹرائل کی سفارش کی گئی، اسپیشل برانچ کی تھریٹ رپورٹ اور جج کھ سفارش کی کاپی بھی ساتھ منسلک کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اوپن کورٹ سماعت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست زیر التوا ہے۔

اس سے قبل سیکیورٹی خدشات کی بنا پر سائفر کیس کا جیل ٹرائل کرنے کا فیصلہ ہوا۔ 29 اگست کو وزارت قانون نے جیل ٹرائل کے لیے این او سی جاری کیا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر سائفر کیس میں فرد جرم عائد کی جا چکی ہے جس کے بعد ٹرائل کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔

عمران خان پر عائد کی گئی فرد جرم کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے بدنیتی کی بنیاد پر سائفر اپنے حق میں استعمال کرتے ہوئے قومی سلامتی کو خطرے سے دوچار کیا۔

ایف آئی اے کی جانب سے پیش کردہ چالان کے مطابق چارج شیٹ میں عمران خان کو خفیہ دستاویز کوغلط طریقے سے استعمال کرنے کے الزام کا سامنا ہے۔

چارج شیٹ کے مطابق 28 مارچ 2022 بنی گالا اجلاس میں ملزم شاہ محمود قریشی کے ہمراہ عمران خان نے سائفرکو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی، انہوں نے بدنیتی کی بنیاد پر سائفر اپنے حق میں استعمال کرتے ہوئے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp