ناقابل یقین: آسٹریلیوی بولر نے ایک ہی اوور کی 6 گیندوں پر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کردیا

پیر 13 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایک آسٹریلوی کلب کرکٹر نے ہفتے کے آخر میں ایک روزہ میچ میں اپنے آخری اوور میں 6وکٹیں لے کر ایک ناقابل یقین کارنامہ سرانجام دیدیا۔

گولڈ کوسٹ کی پریمیئر لیگ ڈویژن 3 میں تقریباً یقینی شکست کو سامنے دیکھتے ہوئے مڈگیربا ٹیم کے کپتان گیرتھ مورگن نے آخری اوور خود کرانے کا فیصلہ کیا۔ اس لمحہ ’سرفرز پیراڈائز‘ نامی ٹیم کو 6 وکٹوں سے جیت کے لیے صرف 5 رنز کی ضرورت تھی۔

تاہم پھراس وقت عجب ڈرامائی صورت حال بن گئی جب مورگن نے اوپنر جیک گارلینڈ کو 65 رنز پر آؤٹ کردیا۔ اس کے بعد اگلی 5 گیندوں پرآنے والے 5  بلے بازوں کو بھی آؤٹ کردیا۔
بعد ازاں مارگن نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک عجیب لطیفہ تھا، اوور کے شروع میں امپائر نے اسے کہا کہ میچ جیتنے کے لیے ہیٹ ٹرک یا اس سے کچھ زیادہ کرنا پڑے گا۔
’پھر جب یہ کارنامہ سرانجام دیدیا تو امپائر میری طرف دیکھتا ہی رہ گیا‘۔
مورگن نے قومی نشریاتی ادارے ’اے بی سی‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’بہت ناقابل یقین‘ ہوا ہے۔
’مجھے یاد ہے کہ جب میں نے ہیٹ ٹرک کرلی تو پھر میں نے سوچا کہ اب مجھے یہ میچ ہرگز نہیں ہارنا۔
جب میں نے آخری گیند پر آخری کھلاڑی کو پویلین میں واپس جاتے دیکھا تو مجھے یقین نہیں آ رہا تھا‘۔

واضح رہے کہ مورگن کے اوور کی پہلی 4 گیندوں میں کھلاڑی کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ آخری 2 گیندوں پر کلین بولڈ ہوئے۔

یاد رہے کہ پروفیشنل کرکٹ میں ایک اوور میں سب سے زیادہ وکٹیں 5  وکٹیں لی گئی ہیں۔ یہ نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر (2011)، بنگلہ دیش کے الامین حسین (2013) اور ہندوستان کے ابھیمنیو متھن (2019) نے حاصل کی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp