پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے عام انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند امیدوار جوق در جوق درخواستیں جمع کروا رہے ہیں۔
ن لیگ ذرائع کے مطابق درخواستیں جمع کروانے کا منگل کو 14 واں دن ہے اور یہ سلسلہ 20 نومبر تک جاری رہے گا۔
اب تک مجموعی طور پر 3 ہزار 741 امیدوار اپنی درخواستیں جمع کروا چکے ہیں جن میں سے قومی اسمبلی کی کل 266 جنرل نشستوں کے لیے 1396 جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے اب تک 1890 امیدوار اپنی درخواستیں جمع کروا چکے ہیں۔
خواتین و اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستوں پر اب تک 455 امیدواروں نے اپنی درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ قومی اسمبلی کی ٹکٹ کے خواہنشمند امیدوار درخواست کے ساتھ 2 لاکھ روپے جمع کروا رہے ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کے امیدواروں سے درخواست کے ساتھ پارٹی فنڈ کے لیے ایک لاکھ روپے کا بینک ڈرافٹ وصول کیا جا رہا ہے۔
ٹکٹوں کے خواہشمند امیدواروں کی جانب سے پارٹی فنڈ میں اب تک کم و بیش 70 کروڑ روپے جمع ہو چکے ہیں اور توقع ہے کہ درخواستوں کی فیس کی مد میں 20 نومبر تک مسلم لیگ ن کو تقریبا ایک ارب روپے موصول ہوجائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ سارا پیسہ پارٹی فنڈ میں جمع کیا جا رہا ہے اور اسے آئندہ عام انتخابات کی مہم کے لیے استعمال کیا جائے گا۔