‘پاکستان کی ٹیم صرف بابر کی ٹیم نہیں،بابر اعظم سے باہر نکل آئیں’ محمد عامر نے ایسا کیوں کہا؟

منگل 14 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر اور کپتان بابر اعظم کی آپسی رنجش کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، جہاں محمد عامر کو لگتا ہے کہ بابر اعظم ان کو ٹیم میں نہیں رکھنا چاہتے وہیں ورلڈ کپ میں بری پرفامنس پر محمد عامر نے بابر اعظم کو خوب تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔

نجی ٹی وی پر گفتگو کے دوران محمد عامر کا کہنا تھا کہ سسٹم کبھی نہیں بدلتا، کپتان ہی ہے، جس نے اپنا مائنڈ سیٹ بدلنا ہوتا ہے جب تک کپتان کا مائنڈ سیٹ نہیں بدلے گا، سسٹم کچھ نہیں کر سکتا۔

اسی گفتگو کے دوران ناظرین میں بیٹھے ایک مداح نے محمد عامر سے سوال کر ڈالا کہ اگر وہ ٹیم میں سیلکٹ ہوجاتے ہیں تو کیا وہ بابر اعظم کو کیا کہ کر بلائیں گے ؟ بابر اعظم یا  بوبسی دا کنگ؟

مداح کا سوال محمد عامر کو کچھ خاص پسند نہیں آیا اور انہوں نے طنزیہ لہجے میں کہا میری نظر میں اب آپ نکل آئیں بابر اعظم سے، پاکستان کی ٹیم بابر کی ٹیم نہیں ہے اس میں پندرہ کھلاڑی اور بھی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم ایک بہت اچھے کھلاڑی ہیں اور ان کی اپنی عزت نفس ہے، ایک مسلمان ہونے کے ناطے ان سے اچھے سے ملیں ، کنگ وغیرہ گراؤنڈ میں ہی اچھا لگتا ہے ہر جگہ نہیں اچھا لگتا۔

محمد عامر کی یہ ویڈیو کلپ وائرل ہوئی تو ایک صارف نے ان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا جو شخص ساری عمر کوہلی کو کنگ کہتا رہا ہے وہ اپنے ملک کے کھلاڑی کے بارے میں کہ رہا ہے کہ کنگ ونگ کچھ نہیں ہوتا۔

 


ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اس بات سے اندازہ ہوتا ہے کہ محمد عامر کا جیلیسی لیول ہی الگ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب یہ اسٹار نہیں رہا۔

 


واضح رہے کہ اسی شو میں محمد عامر نے کہا کہ سسٹم ٹھیک ہے کپتان کا مائنڈ سیٹ تبدیل ہونا چاہیے جس پر صارفین کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے خود کہا تھا کہ سسٹم ٹھیک نہیں ہے اور میں سسٹم میں نہیں کھیل سکتا جبکہ اب یہ اپنی بات سے ہی مکر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp