ورلڈ کپ:بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

بدھ 15 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

بھارت کے وانکھیڈے اسٹیڈیم ممبئی میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 397 رنز بنائے اور جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 48.5 اوورز میں 327 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔

بھارت کی بیٹنگ

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جارحانہ بلے بازی کی، ویرات کوہلی اور شریاس آئیر کی سینچریوں کی بدولت بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے سامنے رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔

ویرات کوہلی نے 117، شریاس آئیر نے 105 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے علاوہ شمبن گل 80 اور روہت شرما نے 47 رنز بنائے۔

کے ایل راہول نے 39 رنز اسکور کیے جبکہ سوریا کمار یادیو نے ایک رن بنایا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 3 اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے آج کے میچ میں سابق بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کا ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ 49 سینچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔ اور اب کوہلی کی سینچریوں کی تعداد 50 ہو گئی ہے۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ

جواب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے۔ ڈیون کونوے اور راچن رونیدرا 13،13 رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ کے بیٹر ڈیرل مچل نے 134 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن وہ پھر بھی اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچانے میں ناکام رہے۔

اس کے بعد کپتان کین ولیمسن نے 69 رنز کی اننگز کھیلی، گلین فلپس نے 41، مارک چیمپین نے 2 رنز اسکور کیے جبکہ ٹام لیتھیم بغیر کوئی اسکور بنائے آؤٹ ہو گئے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ جسپریت بمرا، کلدیپ یادیو اور محمد سراج نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پچ کیوں تبدیل کر دی گئی؟

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے دوران ہونے والے کچھ واقعات کے باعث بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ میں مداخلت اور اس دوران کیے جانے والے کچھ ایسے اقدامات جن کی بدولت اس ورلڈ کپ کو متنازع بنا دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز بھی بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو آگاہ کیے بغیر سیمی فائنل کے لیے پچ تبدیل کر دی ہے جو پہلے ہی 2 میچز کے دوران استعمال کی جا چکی ہے۔ بھارت نے اسپنرز کے لیے سازگار پِچ کا انتخاب کیا تاکہ ان کے اسپنرز کو مدد مل سکے۔

بھارتی اسکواڈ

روہت شرما (کپتان)، شبمن گل،  ویرات کوہلی، شریاس آئیر،  کے ایل راہول (وکٹ کیپر)، سوریہ کمار یادیو،  رویندرا جدیجا،  محمد شامی،  کلدیپ یادیو،  جسپریت بمراہ ،  محمد سراج

نیوزی لینڈ اسکواڈ

ڈیون کونوے،  راچن رویندرا،  کین ولیمسن (کپتان)، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مارک چیپ مین، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن، ٹرینٹ بولٹ

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp