‘یہ اس سال کا بہترین لمحہ ہے’، ویرات کوہلی کی 50ویں سنچری اور اسٹینڈز میں کھڑے سچن ٹندولکر کی داد

بدھ 15 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا پہلا سیمی فائنل بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین ممبئی میں کھیلا جا رہا ہے۔ گزشتہ میچ میں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈ کپ کے میچ میں اپنی 49ویں سنچری مکمل کی جس کے بعد  وہ سچن تندولکر کا ریکارڈ برابر کرنے والے پہلے بلے باز بن گئے۔

اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ جلد ہی وہ اپنی اگلی سنچری اسکور کر کے سچن تندولکر کا ریکارڈ توڑ ڈالیں گے اور مداحوں کی امیدوں کے عین مطابق آج انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں سنچری اسکور کر کے  لیجنڈ بلے باز سچن تندولکر کی ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جہاں کرکٹ شائقین نے ویرات کوہلی کو مبارکباد دی وہیں موجودہ اور سابق کھلاڑیوں سمیت اسپورٹس جرنلسٹس نے بھی ان کو یہ سنگ میل عبور کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

سنچری اسکور کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ اس سے زیادہ اور کچھ نہیں ہوسکتا تھا کہ جب میں سنچری اسکور کر رہا تھا تو میری بیوی انوشکا شرما مجھے کھیلتا دیکھ رہی تھیں اور میرے ہیرو سچن تندولکر بھی اسٹینڈز میں موجود تھے۔

 

سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا بلے بازی کی لیگیسی سچن سے ویرات کے پاس آئی اور اب شبھمن گل کی باری ہے۔

 


افغان کرکٹر راشد خان نے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ویرات کوہلی کو کھیلتے دیکھنا ایک شاندار احساس ہے ، ایک بہترین اننگز۔


ایک صارف نے ویرات کوہلی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا یہ اس سال کا سب سے بہترین لمحہ ہے۔


واضح رہے کہ ویرات کوہلی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 50 سینچریاں مکمل کرنے کے بعد سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے، ویرات کوہلی نے اسی میچ کے دوران ورلڈ کپ ایڈیشن میں سب سے زیادہ 673 رنز بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، ویرات کوہلی نے ورلڈ کپ کے 10 میچوں میں 691 رنز بنائے۔ یہ دونوں ریکارڈ اس سے قبل سچن ٹینڈولکر کے پاس تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp