آج کے بالی ووڈ میں کام شروع کیا ہوتا تو ناکام ہی رہتی، کرینہ کپور

بدھ 15 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی معروف اداکارہ کرینہ کپور پچھلی 2 دہائیوں سے فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ اگر ان کے کام کا آغاز آج کے بالی ووڈ میں ہوتا تو وہ کبھی بھی کامیاب نہ ہو پاتیں۔

کرینہ کا تعلق بالی ووڈ پر راج کرنے والے کپور خاندان سے ہے اور انہوں نے اور ان کی بہن کرشمہ نے فلموں میں اپنا ایک مقام بنایا ہے لیکن اتنے سال اور اتنی کامیابی کے بعد بھی اداکارہ کا کہنا ہے کہ اگر وہ آج کے بالی ووڈ میں ہوتے ہوئے اپنا کام شروع کرتیں تو ایک ناکام اداکارہ ثابت ہوتیں۔

ایک انٹرویو میں اپنی اس بات کی وجہ بتاتے ہوئے کرینہ نے کہا کہ اب بالی ووڈ میں نمبر 1 رہنے کا یا سب سے اچھا اور خوبصورت رہنے کا مقابلہ بہت بڑھ گیا ہے جس نے بالی ووڈ کو خراب بھی بہت کیا ہے۔

کرینہ نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ وہ جیسی ہیں لوگ انہیں ویسے ہی پسند کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بالی ووڈ کے دیگر اداکاروں کو صرف پتلا، گورا یا خوبصورت ہونے کی دوڑ میں نہیں لگے رہنا چاہیے اور کیوں کہ وہ خود ایسی نہیں ہیں اس لیے انہیں ایسا عمل عجیب لگتا ہے۔

انہوں نے اپنی کامیابی اور بالی ووڈ میں اتنے سال ٹکے رہنے کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بلاوجہ کے مقابلے میں کسی کے ساتھ نہیں پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ ’اگر میں بھی اس سب میں لگ جاتی تو آج اس مقام پر نہ ہوتی‘۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کل کے اداکار صرف خود کو خوبصورت لگنے اور کچھ نہ کچھ بولنے میں ہی وقت لگا دیتے ہیں لیکن وہ ایسی نہیں ہیں۔

کرینہ نے بتایا کہ اب وہ بالی ووڈ کی پارٹیز میں بھی زیادہ جانا پسند نہیں کرتیں اور پبلک سے بھی دور رہنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے خاندان، بچوں، شوہر اور دوستوں سے بہت قریب ہیں اور وہی ان کی پہلی ترجیح ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ آج کے بالی ووڈ میں بھی ان کی کوئی نہ کوئی جگہ ہے اور وہ اس لیے کہ وہ خود کو لوگوں کے سامنے ویسی ہی رکھتی ہیں جیسی کہ وہ ہیں۔

ان کی حالیہ فلم ’جانے جان‘، ہے جس میں ان کا کردار کافی مختلف ہے۔ وہ پنے شوہر اداکار سیف علی خان اور بیٹوں تیمور اور جہانگیر کے ساتھ ایک خوشیوں بھری زندگی گزار رہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp