کرکٹ ورلڈ کپ: دوسرے سیمی فائنل میں ’کینگروز‘ اور ’پروٹیز‘ آمنے سامنے

جمعرات 16 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں جاری آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ سیمی فائنل میں محمد شامی نے نیوزی لینڈ کے خلاف تباہ کُن بولنگ کرتے ہوئے 07 وکٹیں حاصل کیں۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آج ایڈن گارڈنز، کولکتہ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن 01:30 بجے شروع ہو گا۔

ورلڈ کپ کی گروپ اسٹیج کی کاکردگی

رواں ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم بھارت کے بعد دوسرے مضبوط ترین ٹیم کے طور پر سامنے آئی ہے۔ انہوں نے گروپ اسٹیج میں دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ آسٹریلیا نے تیسری پوزیشن پر اپنی گروپ اسٹیج کا اختتام کیا۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ

دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 109 ایک روزہ میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں جنوبی افریقہ نے 55 اور آسٹریلیا کی ٹیم نے 50 میچز جیتے ہیں جبکہ 03 میچز برابر اور ایک میچ بغیر نتیجہ رہا۔

پچ رپورٹ

آج کے سیمی فائنل کے لیے ایک نئی پچ تیار کی گئی ہے جس کو اسپنرز کے لیے سازگار قرار دیا گیا ہے جبکہ فاسٹ بولرز کے لیے اس پچ پر باؤنس بھی موجود ہوگا۔

ایڈن گارڈنز کرکٹ اسٹیڈیم، کولکتہ (بھارت)

ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلے گئے آخری 10 ایک روزہ میچز میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں کا اوسط اسکور 289 رنز ہے جبکہ جیت کی اوسط 80 فیصد ہے۔

موسم کی صورتحال

کولکتہ میں کل کے میچ کے دوران بارش کے امکانات موجود ہیں تاہم زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 93 فیصد ہوگا۔ اگر آج کے دن میچ کو بارش نے متاثر کیا تو کل کا دن ’ریزرو ڈے‘ رکھا گیا ہے اس لیے میچ جہاں پہ ختم ہو گا وہیں سے دوبارہ شروع ہو جائے گا۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل مقابلہ

دونوں ٹیموں میں سے جو بھی ٹیم آج کا سیمی فائنل جیتے گی وہ 19 نومبر کو نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم، احمد آباد میں بھارت سے ٹکرائے گی۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ

پیٹ کمنز (کپتان)، اسٹیو اسمتھ، الیکس کیری، جوش انگلیس، سین ایبٹ، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبوشینگ، مچل مارش، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ وارنر، ایڈم زمپا، مچل اسٹارک۔

جنوبی افریقہ کا اسکواڈ

ٹیمبا باووما (کپتان)، جیرالڈ کوٹزی، کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، مارکو جانسن، ہینرک کلاسین، کیشو مہاراج، ایڈن مارکرم، ڈیوڈ ملر، لونگی نگیڈی، اینڈائل پھہلوکوایو، کاگیسو ربادا، تبریز شمسی، رسی وانڈر ڈوسن، لیذاڈ ولیمز۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp