نواز شریف وزیراعظم منتخب ہوئے تو صدر عارف علوی حلف لیں گے؟

جمعرات 16 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عدلیہ، انتظامیہ اور سیاسی رہنما انتخابات کے بروقت انعقاد پر متفق ہیں اور اس میں کوئی شبہ نہیں کہ انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔

صدر مملکت نے وائس آف امریکا کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی پناہ گزینوں کی واپسی کا فیصلہ مناسب اقدام ہے کیوں کہ معیشت اب پناہ گزینوں کا بوجھ مزید اٹھانے کی سکت نہیں رکھتی۔

انہوں نے کہا کہ افغان طالبان دراندازی روکنے میں ناکام رہے ہیں اور شواہد کی فراہمی اور یقین دہانی کے باوجود تحریک طالبان پاکستان کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وہ کسی جماعت کے نہیں بلکہ ہر پاکستانی کے ترجمان ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر کا آئینی مدت مکمل کرنا استحکام کی علامت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف وزیر اعظم منتخب ہوئے تو حلف کا تقاضا پورا کروں گا، سیاست دان اور انتظامیہ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرمل کر کام کریں تو مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کرنا الیکشن کمیشن اور حکومت کی ذمہ داری ہے اوور حکومت نے اس حوالے سے یقین دہانی کروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر کے پاس انتظامی اختیارات نہیں اور توقعات اپنی جگہ لیکن وہ کوئی ایسے اقدامات نہیں کرسکتے جس کی آئین اجازت نہ دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں بھی مسائل دیکھوں گا ان کی نشاندہی کرتا رہوں گا۔

صدر نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان کی الیکشن میں شمولیت کا فیصلہ عدالت میں ہے، بحیثیت صدر عدلیہ پر اعتماد رکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ‘میں 9 مئی کی مذمت کرچکا ہوں کیوں کہ میں تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا‘۔

انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کے فوجی عدالت میں مقدمے کا معاملہ عدالت میں ہے اس لیے وہ 9 مئی مقدمات کی فوجی عدالتوں میں سماعت پر قبل از وقت رائے کا اظہار نہیں کرنا چاہتے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے غزہ کی صورتحال پر عالمی فورمز پر اپنے مؤقف کا بھرپور اعادہ کیا ہے اور مسئلہ فلسطین کا حل صرف 2 ریاستی منصوبہ ہے جبکہ غزہ میں ظلم پر عالمی رہنماؤں کی خاموشی افسوسناک ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp