پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤٓنڈر شاہد آفریدی نے واضح، دوٹوک اور حلفاً کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کو قومی ٹیم کا کیپٹن بنانے میں ان کا کوئی کرداریا مرضی شامل نہیں ہے، شاہین کو کپتان بنانا مکمل طور پر محمد حفیظ اور چیئرمین پی سی بی کا فیصلہ ہے۔
ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ ’حلفاً اور قسم اٹھا کر کہہ سکتے ہیں کہ شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان کی قومی ٹیم کا کیپٹن بنانے یا نامزد کروانے میں میرا کوئی کردار نہیں ہے، میں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھی یہی کہا تھا کہ بابر اعظم کو کپتانی سے نہ ہٹایا جائے، اگر پھر بھی کوئی فیصلہ ناگزیر ہے تو پھر محمد رضوان کو وائٹ بال کا کیپٹن بنایا جائے۔
“Making Shaheen a captain is entirely Hafeez’s and the PCB chairman’s decision. I have nothing to do with that. I was against it even when he took over Lahore’s captaincy. I told the Chairman not to remove Babar yet. Even if you do, make Rizwan a captain then”, @SAfridiOfficial pic.twitter.com/efL4TqdVlw
— Ihtisham Ul Haq (@iihtishamm) November 16, 2023
ان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ میرا ایک رشتہ ہے، شاہین شاہ آفریدی نے جب پاکستان پریمیئر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندر کی کپتانی سنبھالی تھی تب بھی میں اس کے خلاف تھا۔ میں نے چیئرمین سے کہا کہ بابراعظم کوابھی نہ ہٹایا جائے۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ان سے نگراں وزیراعظم نے بھی پوچھا تھا کہ قومی ٹیم کی کپتانی کا کیا کریں، تو میں نے انہیں بھی واضح کہا تھا کہ پہلی بات تو یہی بہتر ہے کہ بابراعظم کو ہی قومی ٹیم کا کیپٹن رہنے دیں، انہیں تبدیل نہ کریں تاہم اگر وائٹ بال کے لیے آپ کو کوئی تبدیلی لانی ہی ہے تو پھر محمد رضوان کو ٹیم کیپٹن بنایا جائے، میرے منہ سے ہمیشہ سے سب نے محمد رضوان کا ہی نام سنا ہوگا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ انہوں نے چیئرمین پی سی بی کو بھی یہی تجویز دی تھی کیوں کہ میں سمجھتا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ میرے رشتے کی وجہ سے سبھی یہی کہیں گے کہ شاہد میں کوئی لابنگ کر رہا ہوں، ’ میں ایسی چیزوں میں نہ کبھی پڑا ہوں نا پڑوں گا، حلفاً کہتا ہوں کہ میں نے ایسی کوئی تجویز پیش کی نا ہی کوئی لابنگ کی۔ ’میرے خیال میں یہ فیصلہ چیئرمین پی سی بی اور محمد حفیظ کا ہے۔ اگر میں ایسا چاہا رہا ہوتا تو آج چیئرمین پی سی بی کے خلاف بات نہ کر رہا ہوتا۔
شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا صارفین سے شکوہ کیا کہ ’مجھے حیرت ہوتی ہے کہ لوگ میرے بارے میں کیا کچھ لکھ رہے ہیں کہ ’لالہ‘ نے کوئی لابنگ کی ہے، مجھے اس پر انتہائی حیرت ہو رہی ہے۔