پاکستان ایک بار پھر یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کا رکن منتخب

جمعرات 16 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کو 2023ء سے 2027ء تک کی مدت کے لیے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) کے ایگزیکٹو بورڈ کا رکن منتخب کر لیا گیا ہے۔

فرانس میں یونیسکو میں پاکستان کے مستقل مندوب نے بیان میں بتایا کہ پاکستان نے گروپ میں اکثریت میں ووٹ حاصل کیے۔ مستقل مندوب نے اپنے بیان میں پاکستان کی حمایت اور اعتماد کے لیے رکن ممالک کا شکریہ ادا کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان مشترکہ مقاصد کے فروغ کے لیے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا، ایگزیکٹو بورڈ میں خدمات انجام دینے کی ذمہ داری سونپی جانا پاکستان کے لیے بے حد فخر کا باعث ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان پالیسی سازی، اصولوں کی ترقی، عالمی ترجیحات کو فروغ دینے اور تنظیم کے پروگراموں اور سرگرمیوں کی موثر نگرانی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھائے گا۔

بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان دنیا بھر کے انسانوں کی فکری اور اخلاقی یکجہتی، تعلیم، سائنس، ثقافت اور مواصلات کے ذریعے عالمی امن اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک عالمی فورم کے طور پر یونیسکو کے اہم کردار کی ہمیشہ قدر کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ کثیرالجہتی فکر اور ترقی کے حامی کے طور پر پاکستان دنیا کے مختلف خطوں کے درمیان فاصلے کم کرنے اور ٹھوس اور حقیقی نتائج کے حصول کے لیے بنیادی امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔

بیان میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ ایک شراکت دار کے طور پر پاکستان ایس آئی ڈی ایس آپریشنل حکمت عملی اور عالمی ترجیحات (افریقہ اور صنفی مساوات) کے لیے فعال تعاون جاری رکھے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کا یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کے رکن کی حیثیت سے دوبارہ انتخاب اقوام متحدہ کی حمایت اور اس جیسے عالمی فورم پر اس کے تعمیری کردار کا ثبوت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp