پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج کل ایک شخص الیکٹیبلز کی تلاش میں ہے لیکن مہنگائی لیگ میں شامل ہونے والے الیکشن نہیں جیت سکتے۔
مردان میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا ایک بار پھر الیکشن کی جگہ سلیکشن ہوئی تو عوام نقصان اٹھائیں گے۔ عوام سلیکٹیڈ راج کو قبول نہیں کریں گے۔ صرف عوام فیصلہ کریں گے کہ ان کا حکمران کون ہوگا۔ قائد عوام اور محترمہ بے نظیر بھٹو کا نامکمل مشن پورا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو جتوا کر عوامی راج قائم کریں گے، مہنگائی اور بے روز گاری کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔ سب کو نظر آ رہا ہے کہ الیکشن پیپلز پارٹی جیتے گی۔ ہم دائیں بائیں نہیں عوام کی طرف دیکھتے ہیں۔ ہم سب ملک کر پاکستان کو مسائل سے نکالیں گے۔
مزید پڑھیں
ان کا کہنا تھا قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو آواز دی۔ ووٹ کا حق دیا، آپ نے ووٹ استعمال کرنا ہے تاکہ پاکستان کا مستقبل روشن ہو۔ محترمہ بینظیر بھٹو خاتون ہونے کے باوجود دو آمروں سے لڑی، اس ملک کے عوام کی خاطر شہادت قبول کی۔ صدر آصف زرداری نے خیبر پختونخوا کو شناخت دی، اٹھارہویں ترمیم کا تحفہ بھی عوام کو دیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا اس وقت ملک پر مشکلات ہیں، پاکستان کی سب سے بڑی دشمن پرانی سیاست ہے، پرانے سیاستدان ماضی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اب ہمیں نئی سیاست کا آغاز کرنا پڑے گا۔ میدان میں موجود سیاسی جماعتوں کو کہتا ہوں، عوام کی طرح دیکھیں۔ جو لوگ مسلم لیگ میں شامل ہوں گے وہ الیکٹیبلز نہیں رہیں گے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ طاقت کا سر چشمہ عوام ہے۔ 8 فروری کو ہمارا منشور اور نعرہ قبول ہوگا، تیر کامیابی حاصل کرے گا۔