سردیوں میں جوتے کی بدبو سے نجات پانے کے آسان حل

جمعہ 17 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سردیوں کے دوران جوتوں سے بدبو آنا ایک بڑا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے آپ کو کسی بھی محفل یا دفترمیں شرمندگی اٹھانا پڑ سکتی ہے۔ زیادہ چلنے یا مسلسل بیٹھنے کی وجہ سے بعض اوقات جوتوں سے بدبو آنا شروع ہوجاتی ہے۔

اس سے نجات حاصل کرنے کے متعدد طریقے ہیں۔ اس تحریر میں ہم آپکو جوتے کی بدبو سے نجات کے چند آزمودہ نسخے بتائیں گے۔

بلیچ اورگرم پانی

ایک بالٹی میں گرم پانی لیں اور اس میں جوتے ڈال دیں۔ گرم پانی میں جوتے ڈالنے کے بعد مناسب مقدار میں بلیچ ڈال دیں۔ جوتے تھوڑی دیر گرم پانی میں رہنے دیں، تاکہ ان سے بدبو والے جراثیم ختم ہوجائیں۔

دھوئے بغیر بدبو ختم کرنا

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ جوتے کو دھوئے بغیر بدبو سے نجات پائیں توبلیک ٹی بیگ کے ذریعے بھی بدبو ختم کی جاسکتی ہے۔ بلیک ٹی بیگ میں ٹیننز ہوتا ہے، جو جراثیم کو مارنے میں مدد کرتا ہے۔

جوتوں میں کالی چائے کا بیگ ڈالنے سے یہ جراثیم کو ہلاک کردے گا جس سے بدبو ختم ہو جائےگی۔ استعمال سے قبل بلیک چائے کا بیگ کچھ دیر ابلتے ہوئے پانی میں رکھیں۔ چائے کے تھیلے کو ابلتے ہوئے پانی میں ڈبوئیں پھر اسے پانچ منٹ بعد باہر نکال لیں۔ ہر جوتے میں چائے کا ایک بیگ ڈال دیں۔

خشک  کاغذ

جوتوں کی بدبو سے نجات پانے کے لیے خشک کاغذ کا استعمال سب سے آسان طریقہ ہے۔ ہر جوتے کے اندر خشک شیٹس رکھی جاسکتی ہیں۔ اس کے بعد جوتے کو معمول کے مطابق پہننا  چاہیے۔ خشک کاغذ بدبو کوجذب کرلیتے ہیں۔

جوتوں کو فریزر میں رکھنا

کسی بند شاپر میں جوتوں کو ڈال کر فریزر میں رات بھر رکھیں۔ کم درجہ حرارت  کی وجہ سے جراثیم سے ہونے والی بدبو ختم  ہوگی۔

مالٹے کے چھلکے

مالٹے کے چھلکے جوتوں میں رکھنے سے اس کے اندر کی بدبو ختم ہوسکتی ہے۔ ہر جوتے میں مالٹے  کے چھلکوں کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے رکھ دیں،انہیں رات بھر چھوڑ دیں، صبح تک جوتے سے تازہ اور خوشگوار بو آنے لگے گی۔

بچی ہوئی کافی

اگر آپ کے پاس پرانی جرابیں ہیں تو انہیں پاؤں کی طرف سے کاٹ لیں۔ اب ان میں نصف کپ کافی ڈالیں اور پھر ان کے کھلے حصوں کو باندھ دیں۔ یہ کام کر لینے کے بعد ہر جوتے میں ایک موزہ رات بھر کے لیے رکھ دیں۔

سفید سرکہ

ہر جوتے میں ایک کپ سفید سرکہ ڈالیں، اسے 15 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ بعد میں پھر جوتے دھو لیں، ان کی بدبو ختم ہو چکی ہو گی۔

بیکنگ سوڈا

بیکنگ سوڈا پاؤڈر کی تھوڑی مقدار کو جوتے میں چھڑکیں اور رات بھر رکھا رہنے دیں۔ صبح تک بدبو ختم ہوجائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp