کرکٹ ورلڈ کپ: آسٹریلیا کی بھارتی سورماؤں کو عبرتناک شکست، چھٹی بار عالمی چیمپیئن بن گیا

اتوار 19 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

بھارت کے 241 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے ہدف 43 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا نے اس سے قبل 1987، 1999، 2003، 2007 اور 2015 میں ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

آسٹریلیا کی بیٹنگ

آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ لبوشین 58 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ اس کے علاوہ مچل مارش 15، ڈیوڈ وارنر 7 اور اسٹیو اسمتھ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ وننگ شارٹ گلین میکسول نے لگائی اور 2 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیدیم میں کھیلا گیا جہاں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد شامی اور محمد سراج کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ آسٹریلوی بیٹرز نے بھارتی بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔

بھارت کی بیٹنگ

بھارت کی ٹیم نے آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کی لیکن ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور مقررہ 50 اوورز میں 240 رنز بنا کر سارے کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

آج کے میچ میں بھارتی اوپنر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے، اوپنر شمبن گل صرف 4 رنز اسکور کر سکے، جبکہ کپتان روہت شرما 31 گیندوں پر 47 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ویرات کوہلی 54 اور کے ایل راہول 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سوریا کمار یادیو نے 18، رویندرا جڈیجا 9 اور محمد شامی نے 6 رنز اسکور کیے۔

اس کے علاوہ شریاس آئیر 4، کلدیپ یادیو 10، محمد سراج 9 جبکہ جسپریت بمرا ایک رنز بنا سکے۔

آسٹریلوی بولر مچل اسٹارک نے 3 بھارتی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، اس کے علاوہ ایڈم زیمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ دی اور کہا کہ وکٹ خشک ہے بھارت کی جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے اور بھارت کو کم

سے کم اسکور تک محدود کرنے کی کوشش کریں گے۔

میز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے پلیئر آف دی ٹورنامٹ کا اعزاز حاصل کیا ہے جب کہ بھارت ہی کے محمد شامی ٹورنامنٹ کے بہترین بولر قرار پائے ہیں۔

 پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزازویرات کوہلی کے نام

بھارت میں کھیلا گیا ورلڈ کپ 2023 آسٹریلیا کی جیت کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، تاہم ٹورنامنٹ میں ٹاپ بلے باز اور بولر کا اعزاز بھارت کے پاس ہی رہا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ 2023 میں765 رنز اسکور کرنے پر بھارت کے ویرات کوہلی کو ایونٹ کے ٹاپ اسکورر قرار دیتے ہوئے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

ویرات کوہلی نے ورلڈکپ میں ون ڈے کیریئر میں سب سے زیادہ 50 سنچریوں کا ریکارڈ بھی بنایا ہے۔

دوسرے نمبر پر بھی بھارتی کھلاڑی اور کیپٹن روہت شرما ہیں جنہوں نے اپنے 11 میچوں میں 597 رنز اسکور کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی، ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے تیسرے کھلاڑی جنوبی افریقہ کے ڈی کاک ہیں جنہوں نے اپنے 10 میچوں میں 594 رنز اسکور کیے۔

اسی طرح چوتھے نمبر پر نیوزی لینڈ کے آر رویندرا ہیں جنہوں نے اپنے 10 میچوں میں 578 رنز اسکور کیے جب کہ نیوزی لینڈ ہی کے ڈی جے مچل نے 552 رنز اسکور کر کے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

بھارت کے محمد شامی ٹورنامنٹ کے ٹاپ بولر قرار

ادھر بھارت ہی کے محمد شامی کو ایونٹ میں 257 رنز دے کر 24 وکٹیں حاصل کرنے پر ٹورنامنٹ کے بہترین بولر کے اعزاز سے نوازا گیاہے۔

محمد شامی کے بعد دوسر نمبر پر آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا ہیں جنہوں نے اپنے 11 میچوں میں 515 رنز دے کر 23 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے، جب کہ تیسرے نمبر سری لنکا کے مدھو شنکا ہیں جنہوں نے اپنے 9 میچوں میں 21 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسی طرح بھارت کے جسپرت بمراہ نے  20 اور جنوبی افریقہ کے کوئٹزے نے 20، 20 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی چھٹے نمبر پر ہیں جنہوں نے اپنے 8 میچوں میں 481 رنز دے 18 وکٹیں حاصل کیں۔

موجودہ ورلڈ کپ کے لیے آئی سی سی نے مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا۔ فائنل جیتنے پر آسٹریلیا کو 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی گئی جب کہ فائنل ہارنے والی ٹیم بھارت کو 20 لاکھ ڈالرز کا انعام دیا گیا۔

میکسویل کا اعزاز

اسی طرح ورلڈ کپ میں کسی ایک اننگز میں سب سے زیادہ اسکور آسٹریلیا کے میکسویل نے بنائے انہوں نے افغانستان کے خلاف ایک ہی اننگز میں 201 رنز کی اننگز کھیلی۔ چکھوں اور چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے کا اعزاز بھی آسٹریلیا کے گلین میکسویل کے نام رہا۔

ویرات کوہلی کا اعزاز

ورلڈ کپ میں رنز بنانے کی سب سے زیادہ شرح ویرات کوہلی کی رہی جنہوں نے 95.62 کی اوسط سے رنز اسکور کیے۔ اسی طرح سب سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ گلین میکسویل کا رہا، انہوں نے 150.37 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ اپنی اننگز کھیلیں۔

اسی طرح ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ نصف سینچریاں اسکور کرنے کا اعزاز بھی بھارت کے ویرات کوہلی کے نام رہا، انہوں نے اپنے 11 میچوں میں 9 نصف سینچریاں مکمل کیں۔

کوئنٹین ڈی کاک کا اعزاز

ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سینچریاں جنوبی افریقہ کے کوئنٹین ڈی کاک نے بنائیں، انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں 4 سینچریاں مکمل کر کے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سینچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

نوین الحق 2 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے

ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا اعزاز افغانستان کے نوین الحق کے پاس ہے وہ اپنے 8 میچوں میں 2 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔

روہت شرما کا اعزاز

ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز بھی بھارت کے کپتان روہت شرما کے نام رہا انہوں نے اپنی 11 اننگز میں 31 چھکے لگائے۔

فخر زمان کا اعزاز

اسی طرح کسی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز پاکستان کے فخرزمان کے پاس رہا انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک ہی اننگز میں 11 چھکے لگا کر کسی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز حاصل کیا۔

بولنگ میں محمد شامی کااعزاز

اسی طرح بولنگ میں پورے ٹورنامنٹ میں اور کسی ایک میچ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز بھارت کے محمد شامی نے حاصل کیا، اسی طرح بہترین بولنگ ایورج اور اکونومی ریٹس بولنگ کرنے کا اعزاز آر جی شرما کو حاصل  ہوا جب کہ کسی ایک اننگز میں سب سے  4 اور 5وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی بھارت کے محمد شامی کے نام رہا۔

بھارت کی پلیئنگ الیون:

آج کے میچ میں بھارتی ٹیم میں روہت شرما (کپتان)،  شبمن گل،  ویرات کوہلی،  شریاس آئیر،  کے ایل راہول (وکٹ کیپر)،  سوریہ کمار یادیو، رویندرا جدیجا، محمد شامی، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادو ، محمد سراج شامل تھے۔

آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون:

آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون میں ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، مچل مارش، اسٹیون اسمتھ، مارنس لیبوشین، گلین میکسویل، جوش انگلس (وکٹ کیپر)، مچل اسٹارک، پیٹ کمنز (کپتان)، ایڈم زمپا ، جوش ہیزل ووڈ شامل تھے۔

انعامی رقم

کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے والی ٹیم کو آئی سی سی کی جانب سے 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی جبکہ رنر اپ ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp