سعودی عرب میں ریاض سیزن کے دوران جاری تفریحی سرگرمیوں میں رواں سال دنیا کی سب سے بڑی تھری ڈی متحرک گیند متعارف کرائی گئی ہے۔
سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق دارالحکومت ریاض میں ایل ای ڈی سے مزین اس گیند نما عمارت کو جس کے اندر تھرڈی سنیما بھی ہے، گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں سب سے بڑی چمکدار گیند کے طور پر درج کرلیا گیا ہے۔
ایل ای ڈی ٹیکنالوجی سے آراستہ اس چمکدار گیند کا حجم 114 فٹ سے زیادہ ہے۔ چمکدار گیند نما عمارت میں سنیما بنایا گیا ہے جس میں 220 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
اس تھری ڈی سنیما میں 360 ڈگری پر اسکرینز نصب ہیں۔ سنیما کی گیند نما عمارت کو جس ٹیکنیک سے تیار کیا گیا ہے اس میں موجود افراد کو ہرچیز اپنے اطراف میں حرکت کرتی محسوس ہوتی ہے۔
تھری ڈی سینما کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں بیٹھنے والوں کو تھری ڈی کا چشمہ لگانے کی ضرورت نہیں بلکہ اسکرین میں ایسے ایفیکٹس دیے گئے ہیں جو تھری ڈی کے احساسات کو اجاگر کرتے ہیں۔