پاکستان میں10 روزہ 13ویں ماؤنٹین فیسٹیول کا آغاز2 دسمبر کو مارگلہ کی پہاڑیوں میں ہو گا۔ اس فیسٹیول کا آغاز ٹریل 3 پر ہائیکنگ، صفائی ستھرائی اور حیاتیاتی تنوع کے مذاکرے کے ساتھ بین الاقوامی ماؤنٹین ڈے کے موقع پر کیا جا رہا ہے۔
عالمی ماؤنٹین ڈے کے موقع پر 4 دسمبر کو فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں ’ماؤنٹین ایکو سسٹم‘کے موضوع پر براہ راست پینٹنگ کا مقابلہ ہوگا۔
دیگر تقریبات میں پینٹنگز کی نمائش، پاکستان ماؤنٹین یوتھ فورم، دستاویزی فلموں مصنوعات اور ثقافتی مصنوعات کی نمائش شامل ہیں۔
فیسٹیول کا اختتام ایک عظیم الشان تقریب کے ساتھ ہوگا، منیر احمد
ڈیو کام پاکستان کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر منیر احمد جو پاکستان ماؤنٹین فیسٹیول کے بانی بھی ہیں، نے تقریبات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ فیسٹیول کا اختتام ایک عظیم الشان تقریب کے ساتھ ہوگا جس میں پہاڑوں کے تحفظ، پائیدار سیاحت اور بدلتے ہوئے موسم میں ثقافتی ورثے پر کانفرنس شامل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تقریب کی دیگر سرگرمیوں میں پرکشش مقامات میں پہاڑی کھانوں کے اسٹالز، دستکاری، لوک داستانیں اور گلگت، بلتستان، ہنزہ، چترال اور سوات کے طائفے کی ثقافتی اور موسیقی کی پرفارمنسز شامل ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ 20 بہترین پیشہ ور افراد کو چوتھے پاکستان ماؤنٹینز پرائیڈ ایوارڈز (پی اے ایم پی اے) سے نوازا جائے گا جبکہ دیگر کو فرینڈز آف ماؤنٹینز ایوارڈز (ایف او ایم اے) دیا جائے گا۔
این آر ایس پی اور پی پی اے ایف نے ایوارڈز تقریب میں تعاون پر رضا مندی ظاہر کر دی
نیشنل رورل سپورٹ پروگرام( این آر ایس پی) اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف) نے ایوارڈز کی شاندار تقریب میں تعاون کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے۔ پاکستان ماؤنٹینز پرائیڈ ایوارڈز (پی اے ایم پی اے) ان شعبوں میں پانچ لیجنڈز کے لیے وقف ہیں اور ان بہترین پیشہ ور افراد کو دیے جاتے ہیں جنہوں نے اپنی زندگیاں پہاڑوں اور اس کے مقامی لوگوں کے لیے وقف کر دی ہیں۔
پاکستان ماؤنٹینز پرائیڈ ایوارڈز میں ایک آگسٹینو دا پولینزا ماؤنٹین کنزرویشن ایوارڈ، 4 شعیب سلطان خان ماؤنٹین کمیونٹی ڈویلپمنٹ ایوارڈ، 2 نذیر صابر مائونٹینیئرنگ ایوارڈ، ایک اشرف امان سسٹین ایبل ماؤنٹین ٹورازم ایوارڈ، 2 استاد جان علی ماؤنٹین میوزک ایوارڈز شامل ہیں۔
راجہ چنگیز سلطان ہمالین اوڈیسی ایوارڈ بھی دیا جائے گا، منیر احمد
پی پی اے ایف نے پچھلے سال 4 چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے ایوارڈز کا آغاز کیا ہے۔ منیر احمد نے کہا کہ اس سال کے بعد ہم راجہ چنگیز سلطان ہمالین اوڈیسی ایوارڈ شامل کر رہے ہیں جو گزشتہ برسوں سے پہاڑوں کو شوق سے پینٹ کر رہے ہیں۔
پاکستان ماؤنٹین فیسٹیول (پی ایم ایف) اور پاکستان ماؤنٹینز پرائیڈ ایوارڈز کے مقاصد کے بارے میں بات کرتے ہوئے منیر احمد نے کہاکہ عام طور پر، ہم زندگی، معاش پر موسمیاتی تبدیلیوں کے بتدریج اثرات اور ماحولیاتی نظام اور قدرتی وسائل پر دباؤ کے طور پر نہیں دیکھتے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک کوئی بڑی تباہی نہ ہو تب تک پہاڑوں اور اس کے لوگوں کو توجہ حاصل نہیں ہوتی ۔ دوسری طرف پہاڑی منظر اور ثقافت بھی بدل رہی ہے جبکہ لوک داستان اور ورثے بھی نظر انداز ہو رہے ہیں۔
خواتین اور پہاڑ وں کو نظر انداز کیا جاتا ہے
ان کا کہنا تھا کہ وہ قومیں اور صنعتی شعبے جو انکار کرتے تھے، اب تسلیم کر چکے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی بہت تیزی سے ہو رہی ہے۔پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے اور پاکستان میں، پہاڑ اور اس میں بسنے والی خواتین سب سے زیادہ نظر انداز ہیں۔