پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین کے مابین اختلاف پیدا ہوگیا

اتوار 19 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ملک میں شفاف انتخابات کرانے کی طرف بڑھ رہا ہے اور مجھے ادارے پر پورا یقین ہے۔

سابق صدر مملکت نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی عام انتخابات میں ملک کی اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئے گی، ہم ہر ماحول میں انتخابات لڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

شریک چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہییں، اس وقت ملک میں الیکشن کے لیے ماحول سازگار ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں عام انتخابات کا اعلان کر رکھا ہے۔ جہاں پی ٹی آئی کی جانب سے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کا شکوہ کیا جا رہا ہے وہیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی یہ کہہ رہے ہیں کہ پیپلزپارٹی کو کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ ملی ہی نہیں۔

آصف زرداری کی جانب سے عام انتخابات سے قبل جیت کے دعوے سے پہلے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما راناثنااللہ بھی کہہ چکے ہیں کہ مسلم لیگ ن سادہ اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی اور ہم پنجاب سے 120 سے 125 سیٹوں پر کامیابی حاصل کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp