کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا میلہ آسٹریلیا کی جیت کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ گیا، ورلڈ کپ کے میلے نے جہاں شائقین کو بے حد محظوظ کیا وہاں یہ ایونٹ بے شمار تنازعات میں بھی گھرا رہا، اس میں ایمپائر کے بعض فیصلے، بھارت کی طرف سے پچ کی تیاری، گیند کا غلط استعمال، ٹاس کا طریقہ کار، بھارت کا نا قابل شکست رہنا اور سری لنکن ٹیم پر پابندی موضوع بحث بنے رہے۔
ورلڈ کپ 2023 کی سب سے دلچسپ بات جس نے شائقین کو انتہائی محظوظ کیا وہ آسٹریلیا کی افغانستان سے فتح تھی، جس میں زخمی آسٹریلین بلے باز میکسویل کی وہ یاد گار اننگز تھی، جس میں انہوں نے 128 گیندوں پر 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر آسٹریلیا کو کامیابی دلوا کر سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔
گلین میکسویل نے ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کی
اکتوبر کو ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈکپ میچ میں میکسویل کی 128 گیندوں پر 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز میں 10 چھکے اور 21 چوکے شامل تھے اس طرح گلین میکسویل آسٹریلیا کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سینچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹر بھی بن گئے ہیں۔
کرکٹ کے اعدادو شمار پر نظر رکھنے والے ماہر مظہر ارشد کے مطابق اس سے قبل 10 ڈبل سینچریاں بیٹرز نے مخالف ٹیم کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کی تھیں جبکہ میکسویل نے ہدف کے تعاقب میں شاندار ڈبل سینچری اسکور کی۔ اس کے علاوہ میکسویل پہلے نان اوپنر بیٹر ہیں جنہوں نے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سینچری اسکور کی، اس سے قبل تمام ڈبل سینچریاں اوپنرز نے بنائی تھیں۔
ٹنڈولکر اور کوہلی بھی میکسویل کے دیوانے ہو گئے
ورلڈکپ میں افغانستان سے یقینی فتح چھین کر آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں پہنچانے والے گلین میکسویل کی شاندار ذمہ دارانہ اننگز نے سب کو حیران کر دیا ہے۔
میکسویل کی اننگز پر سابق بھارتی کپتان اور لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر اور حال ہی میں ٹنڈولکر کا 49 سینچریوں کا ریکارڈ برابر کرنے والے ویرات کوہلی بھی گلین میسکویل کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے سوشل میڈیا پر گلین میکسویل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ سب غیر معمولی تھا لیکن یہ صرف آپ ہی کر سکتے تھے۔
لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر نے بھی گلین میکسویل کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ گلین میکسویل نے شدید دباؤ میں شاندار پرفارمنس دکھائی، میکسویل کی اننگز میری زندگی میں بہترین اننگز ہے جو میں نے دیکھی۔
Life and cricket have many parallels. Sometimes, like a spring, what pulls you back is also what propels you forward.
During yesterday’s game, @Gmaxi_32’s cramps constrained his footwork. He had to stay put at the crease, but that enabled him to have a steady head, watch the… pic.twitter.com/8ZEp6m6gC8
— Sachin Tendulkar (@sachin_rt) November 8, 2023
نیوزی لینڈ کے خلاف فخر زمان کی نا قابل فراموش اننگز
میکسویل کی شاندار اننگز سے قبل سب سے زیادہ دلچسپی کا باعث سیمی فائنل کی دوڑ کے لیے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا میچ تھا، جو پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 21 رنز سے جیت لیا، یہ میچ سب سے زیادہ دلچسپی کا باعث اس لیے قرار دیا گیا کہ اس میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کوورلڈ کپ کا سب سے زیادہ 400 رنز کا پہاڑ جتنا ہدف دیا تھا۔
ایک وقت ایسا تھا کہ پاکستان کی جیت نا قابل یقین تھی لیکن پاکستان کے اوپنر بیٹر فخر زمان کی نا قابل فراموش بیٹنگ نے پاکستان کو فتح دلا دی، فخرزمان کی اس نا قابل شکست تاریخی اننگز میں محض 81 گیندوں پر 8 چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے 126 رنز شامل تھے۔
ورلڈکپ میں سامنے آنے والے بڑے تنازعات
بھارت میں جاری آئی سی سی مینز ورلڈکپ میں جہاں میکسول اور فخرزمان کی اننگز نے شائقین کو محظوظ کیا وہاں اس بڑے ایونٹ میں بے شمار تنازعات بھی سامنےآئے۔
بھارتی ٹیم ورلڈ کپ فائنل میچ تک پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی ہے روہت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے 10 میں سے 10 میچز میں کامیابی اپنے نام کی جب کہ آسٹریلیا کی ٹیم پہلے 2 میچز میں شکست کے بعد مسلسل میچز جیتی اور پروٹیز کو شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والے کینگروز نے فائنل بھی اپنے نام کر لیا۔
بھارت میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے دوران کئی تنازعات نے بھی جنم لیا، سب سے پہلے پاکستانی صحافیوں اور تماشائیوں کو ویزے جاری کرنے میں بہت زیادہ تاخیر کی گئی اور ٹورنامنٹ کے ابتدائی پریکٹس میچز کے دوران پاکستانی تماشائی اور صحافی موجود نہیں تھے۔
بھارت کے لیے خاص گیند استعمال کرنے کا دعویٰ
ایک سابق پاکستانی کرکٹر حسن رضا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ ٹورنامنٹ میں بھارت کے لیے خاص گیند اور دیگر ٹیموں کے لیے دوسری گیند استعمال کی جا رہی ہے تاہم سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم نے حسن رضا کے دعوؤں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ برائے مہربانی پوری دنیا میں پاکستان کا مذاق مت بنوائیں، ہر میچ کے لیے استعمال ہونے والی گیندیں امپائر کے پاس موجود ہوتی ہیں۔
ٹاس کا تنازع
اس کے بعد ایک اور سابق پاکستانی کرکٹر سکندر بخت کی جانب سے سوشل میڈیا پر ورلڈکپ کے میچز کے دوران ہونے والے ٹاس کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے علاوہ بھارتی کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کو ٹیگ کرتے ہوئے سوال پوچھا کہ بھارتی کپتان نے ہر بار ٹاس کے لیے سکہ اتنا دور کیوں اچھالا کہ مخالف ٹیم کا کپتان سکہ دیکھ ہی نہیں پاتا کہ ’ہیڈ‘ آیا ہے یا ’ٹیل‘آئی ہے۔
ٹاس کے لیے استعمال ہونے والا سکہ
ٹاس کے لیے کوئی بھی سکہ استعمال کیا جا سکتا ہے لیکن عام طور پر ٹاس کے لیے اس ملک کا سکہ استعمال کیا جاتا ہے جہاں میچ ہو رہا ہو۔
عاقب جاوید کا بی سی سی آئی پر ٹاس دھاندلی کا الزام
بعد ازاں پاکستان کے سابق فاسٹ بولر اور پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بی سی سی آئی نے ورلڈکپ کے ہر میچ میں بھارت کے حق میں ٹاس دھاندلی کی۔ تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اس حوالے سے کہا کہ کون فیصلہ کرتا ہے کہ سکہ کہاں گرنا چاہیے؟ مجھے اس پر بہت شرمندگی ہو رہی ہے، میں اس معاملے پر تبصرہ بھی نہیں کر سکتا۔
سکہ اچھالنے کے حوالے سے میچ ریفری نے کیا کہا؟
اس حوالے سے پی سی بی پینل میں شامل ایک میچ ریفری نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جیو نیوز کو بتایا کہ 2 ملکی سیریز میں تو میزبان ٹیم کا کپتان ہی ٹاس کے لیے سکہ اچھالتا ہے لیکن اگر کوئی آئی سی سی ایونٹ ہو گا تو اس میں ٹاس اچھالنے کا فیصلہ ڈراز کے وقت تیار شیڈول کے مطابق ہوتا ہے یعنی آئی سی سی میزبان ملک کے ساتھ مل کر شیڈول تیار کرتا ہے اور ڈراز میں جس ٹیم کا نام پہلے ہوگا اسی ٹیم کا کپتان ٹاس کے لیے سکہ اچھالے گا۔
روہت شرما کے ٹاس کے طریقے پر کیوی کھلاڑی شک میں پڑ گئے
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے کیویز کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا لیکن نیوزی لینڈ کے کیمپ میں بھارتی کپتان روہت شرما کے ٹاس کے طریقے پر کئی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
ایک امریکی نیوز چینل نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ روہت شرما کے ٹاس کے طریقہ کار کے حوالے سے کیوی کیمپ میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کیمپ کے ذرائع نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران روہت شرما کے ٹاس کے طریقے پر سب سوالات اٹھا رہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کے سابق کرکٹر وسیم اکرم اور معین خان نے اس قسم کے خیالات کو رد کر دیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ پر پچ تبدیل کرنے کا سنگین الزام
برطانوی میڈیا نے بی سی سی آئی پر نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل کی پچ تبدیل کرنے کا الزام عائد کیا۔ میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے آئی سی سی کی اجازت کے بغیر سیمی فائنل میچ کی پچ تبدیل کی، بھارتی بورڈ نے ورلڈکپ میں 2 بار استعمال ہونے والی پچ کو ایک بار پھر استعمال کرنےکا فیصلہ کیا۔
برطانوی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارت نے اسپینرز کے لیے سازگار پچ کا انتخاب کیا تاکہ ان کے اسپینرز کو مدد مل سکے، ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں سیمی فائنل کے لیے پچ نمبر 7 استعمال ہونی تھی جو کہ پہلے استعمال نہیں ہوئی۔
ورلڈکپ کے دوران پچز اور میچ شیڈول کی نگرانی کرنے والے آئی سی سی عہدیدار اینڈی ایٹکنسن نے پہلے بھی سیمی فائنل کی پچ تبدیل ہونے کی تصدیق کی تاہم انہوں نے اس کی وجوہات بتانے سے گریز کیا۔
آئی سی سی عہدیدار کی جانب سے اپنے متعلقہ افسران کو بھیجی گئی ای میل میں کہا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ جو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان شیڈول تھا وہ شیڈول کے مطابق ہوا تاہم اس کے بعد ہونے والے 3 میچز کے شیڈول بغیر پیشگی اطلاع اور وضاحت کے تبدیل کیے گئے۔
اس حوالے سے آئی سی سی کو باقاعدہ وضاحت جاری کرنا پڑی اور عالمی کرکٹ باڈی نے بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے سیمی فائنل میں پچ کی تبدیلی پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ طویل ایونٹ ہے اور پچ کی تبدیلی معمول کی بات ہے، ایونٹ میں پچ کی تبدیلی پہلے بھی کئی بار ہوچکی ہے۔
پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران بھی پچ تبدیل کی گئی
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کی وکٹ بھی تبدیل کی گئی، ایونٹ منیجر کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ پچ نمبر 7 پر کھیلا جانا تھا تاہم یہ میچ پچ نمبر 5 پر کھیلا گیا۔
جے شاہ کی وجہ سے سری لنکن کرکٹ تباہ ہوئی، رانا ٹنگا کا الزام
سری لنکن ٹیم کےسابق کپتان ارجونا راناٹنگا نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ پرالزام عائد کیا کہ جے شاہ ہی سری لنکا کی کرکٹ چلا رہے ہیں۔
ارجونا راناٹنگا نے ایک بیان میں کہا کہ جے شاہ کے پریشرکی وجہ سے سری لنکا کی کرکٹ تباہ کردی گئی، بھارت میں بیٹھا ایک آدمی سری لنکا کرکٹ چلا رہا ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ جے شاہ اپنے باپ کی وجہ سے طاقتور ہیں جوبھارتی وزیر ہیں، بی سی سی آئی سمجھتا ہے وہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کو کنٹرول کرسکتا ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ میں ٹیم کی بدترین شکست کے بعد سری لنکن وزیر کھیل نے پورے بورڈ کو فارغ کردیا تھا جب کہ کرکٹ بورڈ میں حکومتی مداخلت کے بعد آئی سی سی سری لنکا کی رکنیت معطل کرچکی ہے۔
رچن رویندرا نے ٹنڈولکر اور بابر اعظم سے کونسا اعزاز چھین لیا؟
نیوزی لینڈ کے نوجوان بیٹر رچن رویندرا نے لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ایک ورلڈکپ میں سب سے زیادہ رنز بنا کر پیچھے چھوڑ دیا۔ ورلڈ کپ فائنل میچ کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھارت کے ویرات کوہلی کے پاس آ گیا جنہوں نے 11 میچز میں 765 رنز بنائے۔
آئی سی سی کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس کے ساتھ ایک کیپشن بھی تحریر ہے جس میں لکھا ہے کہ دُنیائے کرکٹ میں ایک نئے بچے کا اضافہ ہوا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں بتایا گیا ہے کہ ایک ورلڈکپ سیزن میں 25 سال سے کم عمر بیٹرز کی فہرست میں رچن رویندرا نے سچن ٹنڈولکر اور بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
سچن ٹنڈولکر نے 1996 کے ورلڈکپ میں 523 رنز اسکور کیے تھے جبکہ بابر اعظم نے 2019 کے ورلڈکپ میں 474 رنز بنائے تھے تاہم رچن رویندرا نے ورلڈکپ 2023 میں 565 رنز بنائے۔
روہت شرما نے ڈی ویلیئرز کا چھکوں کا ریکارڈ توڑ دیا
روہت شرما نے یہ ریکارڈ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں توڑا، ان سے قبل جنوبی افریقہ کے سابق اسٹار بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس یہ اعزاز تھا کہ انہوں نے سال 2015 میں سب سے زیادہ چھکے لگائے تھے جن کی تعداد 58 تھی۔
روہت شرما نے یہ اعزاز اپنے لیگ میچز میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں 2 چھکے لگاکر حاصل کیا، روہت شرما نے اس میچ میں صرف 54 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے تھے۔
شاہین شاہ آفریدی نے ننھی بھارتی فین کی خواہش پوری کی
پانچویں جماعت کی طالبہ تریشا مکھرجی شاہین آفریدی کی فین ہیں، تریشا پاکستان کے انگلینڈ کے خلاف میچ کے دوران شاہین آفریدی کا پلے کارڈ لیے موجود تھیں۔ میچ کے بعد ننھی مداح نے شاہین آفریدی سے ملاقات کی، شاہین آفریدی نے پلے کارڈ پر تریشا کو آٹو گراف دیا۔ تریشا کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی فیورٹ بولر ہیں، آٹو گراف لے کر بہت خوش ہوں۔
کیوی کرکٹر رچن رویندرا کا بھارت میں ددھیال کا دورہ، دادی نے نظر اتاری
آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھارت میں موجود نیوزی لینڈ کے لیفٹ ہینڈ بیٹر رچن رویندرا اپنے دادا دادی سے ملنے ان کے گھر پہنچے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
رچن رویندرا بنگلورو میں اپنے دادا دادی کے گھر گئے جہاں ان کی دادی نے ان کی نظر اتاری، ویڈیو میں دادی کو روایتی انداز میں رچن رویندرا کی نظر اتار تے دیکھا جا سکتا ہے۔ 23 سالہ کیوی کرکٹر نے سری لنکا کے خلاف ٹیم کی کامیابی کے بعد بنگلورو میں گھر کا دورہ کیا، رچن کے والد بنگلورو سے ہیں اور ان کا خاندان کئی دہائیاں پہلے نیوزی لینڈ منتقل ہو گیا تھا۔
سابق پاکستانی کرکٹر کے الزام پر بھارتی بولر شامی کا سخت ردعمل
بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بولر محمد شامی نے سابق پاکستانی کرکٹر حسن رضا کے آئی سی سی اور بی سی سی آئی پر جانبداری کے الزامات پر سخت ردعمل دیا ۔
کچھ روز قبل نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حسن رضا نے کہا تھا کہ ‘ہم دیکھ رہے ہیں کہ جب بھارتی ٹیم بلے بازی کرتی ہے تو وہ واقعی اچھی بلے بازی کرتے ہیں اور جب بھارتی ٹیم بولنگ کرتی ہے تب گیند مختلف ہوجاتی ہے، اس کے علاوہ ’ڈی آر ایس ‘ بھی ان کے حق میں جاتا ہے۔
حسن رضا کا کہنا تھا کہ بھارتی بولر سراج اور شامی جس طرح گیند کو سوئنگ کر رہے تھے اس سے ایسا لگ رہا تھا کہ آئی سی سی یا بی سی سی آئی انہیں دوسری اننگز میں مختلف اور مشکوک گیندیں دے رہے ہیں، گیند کا معائنہ کرنے کی ضرورت ہے، سوئنگ کے لیے گیند پر کوٹنگ کی ایک اضافی تہہ بھی ہو سکتی ہے’۔
بھارتی بولر محمد شامی نے حسن رضا کے وائرل کلپ کی ویڈیو انسٹاگرام کی اسٹوری پر شیئر کی اور لکھا ‘شرم کرو، کھیل پر فوکس کرو، کبھی تو دوسروں کی کامیابی کو انجوائے کیا کرو، یہ آئی سی سی ٹورنامنٹ ہے۔
حسن رضا کے بیان پر سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا ردعمل
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں وسیم اکرم نے اس حوالے سے تبصرہ کیا اور اس بیان کو غلط قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام باتیں مضحکہ خیز ہیں، ایسی باتیں کرکے اپنی بدنامی تو دنیا میں کراتے ہیں ہماری نہ کرائیں، یہ بہت عام چیز ہے، جو ٹیم ٹاس جیتتی ہے اور بولنگ کرتی ہے تو پھر امپائر آتا ہے اور 12 گیندوں والا ڈبا ہوتا ہے جس میں سے بولنگ کرنے والی ٹیم 2 گیندوں کا انتخاب کرتی ہے، امپائر کے ساتھ اور بھی لوگ ہوتے ہیں جیسے کہ ریفریز وغیرہ’۔