ورلڈ کپ 2023 : ویرات کوہلی پلیئر آف دی ٹورنامنٹ، محمد شامی ٹاپ بولر قرار پائے

اتوار 19 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

میز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے پلیئر آف دی ٹورنامٹ کا اعزاز حاصل کیا ہے جب کہ بھارت ہی کے محمد شامی ٹورنامنٹ کے بہترین بولر قرار پائے ہیں۔

بھارت میں کھیلا گیا ورلڈ کپ 2023 آسٹریلیا کی جیت کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، تاہم ٹورنامنٹ میں ٹاپ بلے باز اور بولر کا اعزاز بھارت کے پاس ہی رہا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ 2023 میں765 رنز اسکور کرنے پر بھارت کے ویرات کوہلی کو ایونٹ کے ٹاپ اسکورر قرار دیتے ہوئے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

ویرات کوہلی نے ورلڈکپ میں ون ڈے کیریئر میں سب سے زیادہ 50 سنچریوں کا ریکارڈ بھی بنایا ہے۔

دوسرے نمبر پر بھی بھارتی کھلاڑی اور کیپٹن روہت شرما ہیں جنہوں نے اپنے 11 میچوں میں 597 رنز اسکور کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی، ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے تیسرے کھلاڑی جنوبی افریقہ کے ڈی کاک ہیں جنہوں نے اپنے 10 میچوں میں 594 رنز اسکور کیے۔

اسی طرح چوتھے نمبر پر نیوزی لینڈ کے آر رویندرا ہیں جنہوں نے اپنے 10 میچوں میں 578 رنز اسکور کیے جب کہ نیوزی لینڈ ہی کے ڈی جے مچل نے 552 رنز اسکور کر کے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

ادھر بھارت ہی کے محمد شامی کو ایونٹ میں 257 رنز دے کر 24 وکٹیں حاصل کرنے پر ٹورنامنٹ کے بہترین بولر کے اعزاز سے نوازا گیاہے۔

محمد شامی کے بعد دوسر نمبر پر آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا ہیں جنہوں نے اپنے 11 میچوں میں 515 رنز دے کر 23 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے، جب کہ تیسرے نمبر سری لنکا کے مدھو شنکا ہیں جنہوں نے اپنے 9 میچوں میں 21 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسی طرح بھارت کے جسپرت بمراہ نے  20 اور جنوبی افریقہ کے کوئٹزے نے 20، 20 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی چھٹے نمبر پر ہیں جنہوں نے اپنے 8 میچوں میں 481 رنز دے 18 وکٹیں حاصل کیں۔

موجودہ ورلڈ کپ کے لیے آئی سی سی نے مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا۔ فائنل جیتنے پر آسٹریلیا کو 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی گئی جب کہ فائنل ہارنے والی ٹیم بھارت کو 20 لاکھ ڈالرز کا انعام دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp