ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست پر بھارتی کھلاڑی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے، ویڈیو وائرل

اتوار 19 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے میں ناکامی پر بھارت کے کھلاڑی رو پڑے۔

بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ بھارتی ٹیم کا تیسری بار ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔

آسٹریلیا کے بیٹر ٹریوس ہیڈ اور لبوشین نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا اور یوں آسٹریلوی ٹیم چھٹی بار ایک روزہ کرکٹ ورلڈ کپ کی عالمی چیمپیئن بن گئی۔

آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ لبوشین 58 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ اس کے علاوہ مچل مارش 15، ڈیوڈ وارنر 7 اور اسٹیو اسمتھ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ وننگ شارٹ گلین میکسول نے لگائی اور 2 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو روتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی بولر محمد سراج اور دیگر کھلاڑیوں کی آنکھوں میں آنسو ہیں۔

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کی آنکھوں میں بھی آنسو دکھائی دیے۔

یاد رہے کہ بھارت کی کرکٹ ٹیم پورے ایونٹ میں ناقابل شکست رہی ہے۔ پہلے مرحلے کے 9 میچ جیتنے کے بعد سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

آسٹریلیا کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ آسٹریلیا نے اس سے قبل 1987، 1999، 2003، 2007 اور 2015 میں ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp