ورلڈ کپ 2023 فائنل، بھارتی شائقین کی کمینی حرکتوں پر تجزیہ کار حیران پریشان

پیر 20 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ورلڈ کپ 2023 آسٹریلیا کی شاندار جیت کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے، فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دی ، یوں آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم چھٹی مرتبہ میگا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہی۔

ورلڈ کپ 2023 فائنل میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو شائقین کی بھرپور اسپورٹ حاصل تھی لیکن میزبان بھارت کے خلاف آسٹریلیا کی تاریخی فتح کے بعد ٹرافی دینے کی تقریب کے دوران شائقین کے ردعمل سے کرکٹ مبصرین ناراض ہو گئے۔

سب سے زیادہ چونکا دینے والا عمل اس وقت سامنے آیا جب آن فیلڈ امپائرز رچرڈ کیٹل برو اور رچرڈ ایلنگ ورتھ کو پوڈیم میں ان کی یادداشتیں وصول کرنے کے لیے بلایا گیا تو بھارتی شائقین کرکٹ کے چہرے مرجھائے رہے اور انہوں نے رچرڈ کیٹلبرو اور رچرڈ ایلنگ ورتھ کے لیے کوئی گرم جوشی نہیں دکھائی گئی، حالانکہ ایمپائرز نے اس میچ میں کوئی متنازعہ فیصلہ بھی نہیں دیا تھا جس سے لگے کہ ان کے فیصلے نے بھارتی شائقین کو ناراض کیا ہو۔

بھارتی شائقین کے رویے سے لگتا تھا کہ وہ اپنی ٹیم کی ہار کا بدلہ ایمپائرز سے لے رہے ہیں اور اس عمل ہی سے اپنی مایوسی دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، علاوہ ازیں جب آسٹریلوی ہیرو ٹریوس ہیڈ نے اپنی سینچری مکمل کی تو اس موقع پر بھی بھارتی شائقین نے ان کے لیے کوئی گرمجوشی نہیں دیکھائی۔

ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر 137 رنز بنا کر غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور مین آف دی میچ رہے۔ وہ 1979 میں ویوین رچرڈز، 1983 میں کلائیو لائیڈ، 1996 میں اروندا ڈی سلوا، 2003 میں رکی پونٹنگ، 2007 میں ایڈم کریگ گلکرسٹ اور 2011 میں سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے کے بعد ورلڈ کپ فائنل میں سینچری بنانے والے ساتویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔

اس کے باوجود جب ٹریوس ہیڈ نے سینچری مکمل کرنے کے بعد خوشی سے اپنا بلا فضا میں بلند کیا تو شائقین نے ان کی  دلجوئی کے لیے تالیاں نہیں بجائیں۔ ان کی سینچری مکمل ہونے پر ایسا لگا کہ شائقین نے کسی معمولی سے گولف ٹورنامنٹ میں کسی اچھی ڈرائیو کے لیے تالیاں بجائی ہیں، ایک اندازے کے مطابق 100 سے بھی کم شائقین نے ٹریوس ہیڈ کے لیے تالیاں بجائیں۔

بھارتی شائقین کرکٹ کے ٹریوس ہیڈ کے لیے سرد رویے کو بھارتی صحافیوں نے بھی نوٹ کیا، بھارتی صحافی بھارت سندریسن نے ایکس پر پیغام میں کہا کہ ‘نریندر مودی اسٹیڈیم میں 11000+ میں سے تقریباً 80 لوگوں نے ایک ساتھ تالیاں بجائیں جب ٹریوس ہیڈ نے 50 تک پہنچنے کے بعد اپنا بیٹ اٹھایا۔
انگلینڈ کے سابق کرکٹر اور صحافی سائمن ہیوزنے ایکس پر لکھا کہ ’ ٹریوس ہیڈ نے اتنے بڑے موقع پر شاندار سنچری بنائی لیکن ان کا استقبال کرنے میں اتنی ہچکچاہٹ دکھائی گئی؟

بھارتی شائقین نے ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میچ کے آفیشلز (ایمپائرز) کے لیے بھی نفرت آمیز رویہ اختیار کیا۔

برطانیہ کے نیوز کاسٹر جیک رول نے لکھا کہ ورلڈ کپ فائنل کی پریزینٹیشن کے دوران بھارتی شائقین کی جانب سے ایمپائزز اور آئی سی سی آفیشلز کے ساتھ بدتمیزی کی گئی، بھارتی شائقین آئی سی سی کے ایمپائرز اور آفیشلز کی عزت و احترام کریں اور یہ ذہن میں رکھیں کہ آفیشلز کے بغیر کرکٹ نامکمل ہے۔

ایڈگر ایلن پوہ نے لکھا کہ ’بھارت کے ہارنے کے بعد خالی نشستیں اور بھارتی شائقین کی جانب سے امپائروں کو گالیاں دینا(میچ کے بعد پریزینٹیشن کے دوران جب آفیشلز ایمپائرز اور آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کو بلا رہے تھے)، کوہلی کوہلی کے نعرے لگانا اور مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں کا خیال نہ رکھنا بہت شرمناک رویہ ہے۔

ورلڈ کپ 2023 کے انڈیا اور آسٹریلیا کے فائنل سے قبل بھی بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے آئی سی سی کے آفیشل ایمپائر رچرڈ کیٹل برو پر تنقید شروع کر دی تھی، ایکس صارف حمزہ کمبوہ نے ایمپائر رچرڈ کیٹل برو کی تصویر کے ساتھ لکھا کہ ’ یہ بھائی ناک آؤٹ میچز میں ایمپائرنگ کریں تو انڈیا ہارا ہے تمام میچز میں۔

انہوں نے گزشتہ ایونٹس کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ رچرڈ کیٹل برو چیمپئن ٹرافی میں تھے انڈیا ہارا، 19 کے سیمی میں تھے انڈیا ہارا، رچرڈ کیٹل برو 21 کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ٹی وی ایمپائر تھے انڈیا ہار گیا، آج پھر 23 کے ورلڈکپ فائنل میں ہیں بھائی صاحب۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp