مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 اتوار کو 46 دن اور 48 میچوں، بڑے اسکورز، حیران کن جیت، دل کو ہلا کر رکھ دینے والی شکست اور سنسنی خیز مقابلوں، نئے ریکارڈز اور بے شمار تنازعات کے بعد ختم ہوگیا۔
ورلڈ کپ میں ایسے بے شمار لمحات سامنے آئے جنہوں نے بعض شائقینِ کرکٹ کو انتہائی محظوظ کیا اور بعض کو انتہائی افسردہ کیا، بعض واقعات اور لمحات نے شائقین کے دل کی دھڑکنوں کو ہلا کر رکھ دیا۔
ان چند لمحات میں ٹورنامنٹ محض دو دن ہی پرانا تھا جب جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم نے نئی دہلی میں سری لنکا کے خلاف 49 گیندوں پر تیز ترین ورلڈ کپ سینچری بنائی۔ ایڈن مارکرم کے اس ریکارڈ کو محض 18 دن ہی گزرے تھے کہ آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے ان کا ورلڈ کپ کا تیز ترین سینچری کا ریکارڈ اپنے پاس رکھنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔
ایک دلچسپ لمحہ یہ بھی تھا کہ محمد رضوان اور عبداللہ شفیق کی سنچریوں کی بدولت پاکستان نے ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سری لنکا کو حیدرآباد میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
عبداللہ شفیق، محمد رضوان اور فخر زمان کی شاندار سینچریاں
پاکستان کے محمد رضوان نے 131 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ عبداللہ شفیق نے 113 رنز بنائے جس کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کے 345 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ یہ پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ کی کرکٹ تاریخ میں سب سے بڑا ٹوٹل تھا جسے پاکستان نے بعد میں کھیل کر پورا کیا، عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کے بعد فخر زمان کی نیوزی لینڈ کے خلاف نا قابل شکست اننگز تھی جسے شائقین کرکٹ کبھی نہیں بھولیں گے، فخرزمان نے اس اننگز میں ورلڈ کپ کی کسی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا، فخر زمان نے کیوی بولرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور محض 81 گیندوں پر 8 چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے 126 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
ورلڈ کپ کا ایک دلچسپ مقابلہ یہ بھی تھا جب افغانستان نے نئی دہلی میں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اَپ سیٹ کر دیا، یہی نہیں افغانستان نے 8 دن بعد چنئی میں 283 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اپنے ہمسایہ ملک پاکستان کو بھی شکست دے کر حیران کردیا۔
نیدر لینڈز کا ’دھرم شالا کا معجزہ‘
اسی طرح نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو 38 رنز سے شکست دے دی جسے ڈچ میڈیا نے ‘دھرم شالا کا معجزہ’ قرار دیا۔ نیندر لینڈز کے ہاتھوں جنوبی افریقہ کو شکست ورلڈ کپ کا ایک اور بڑا اَپ سیٹ تھا۔
اس کے بعد آسٹریلیا کے میکسویل نے نیدرلینڈز کے خلاف محض 40 گیندوں پر سینچری بنا کر مارکرم کا تیز ترین ورلڈ کپ سینچری کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ آسٹریلیا نے اس میچ میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز بنائے جس کے بعد نیدرلینڈز لینڈز کی ٹیم 21 اوورز میں صرف 90 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ٹائم آؤٹ دُنیائے کرکٹ کا پہلا انوکھا واقعہ
دُنیائے کرکٹ میں پہلا انوکھا واقعہ اس وقت پیش آیا جب بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان میچ کے دوران ’ٹائم آؤٹ‘ قانون کے تحت سری لنکن کے اینجلو میتھیوز کو شکیب الحسن کی اپیل پر بغیر کوئی گیند کھیلے آؤٹ قرار دے دیا۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان اینجلو میتھیوز نے بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کو ‘شرمناک’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ 146 سالہ بین الاقوامی کرکٹ میں ‘ٹائم آؤٹ’ حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
میتھیوز جب نئی دہلی میں بیٹنگ کے لیے آئے تو دو منٹ کے اندر اسٹرائیک لینے میں ناکام رہے جس کے بعد انہیں آؤٹ قرار دیا گیا۔ شکیب الحسن نے اپیل واپس لینے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ یقینی بنانے کا فیصلہ کرنا تھا کہ میری ٹیم جیت جائے۔
زخمی میکسویل کی دھڑکنیں روک دینے والی اننگز
ورلڈ کپ کی سب سے دلچسپ اور دل کی دھڑکنوں کو تیز کرنے والی اننگز اور میچ آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان کھیلا گیا، ایک موقع پر آسٹریلیا افغانستان سے اپنا اہم ترین میچ ہارنے کو تھا کہ آسٹریلیا کے زخمی گلین میکسویل نے دُنیائے کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے اسے اب تک کی سب سے بڑی ون ڈے اننگز قرار دیتے ہوئے کہا کہ گلین میکسویل کی ناقابل شکست 201 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے افغانستان کو 3وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
میکسویل نے کمر میں درد کے باوجود یہ کارنامہ انجام دیا اس میں ایک معجزہ یہ بھی ہوا کہ افغانستان کے مجیب الرحمان نے ان کا ایک سادہ کیچ بھی چھوڑ دیا تھااس وقت میکسویل صرف 33 رنز پر کھیل رہے تھے۔
ٹورنامنٹ کے 5 میچوں میں باہر رہنے والے ٹریوس ہیڈ نے آسٹریلیا کو ورلڈ چیمپیئن بنایا
ورلڈ کے فائنل میچ میں ایک دلچسپ بات یہ بھی سامنے آئی کہ آسٹریلیا کو ورلڈ چیمپیئن بنانے والے اوپننگ بلے باز ٹریوس ہیڈ ٹورنامنٹ کے 11 میچوں میں سے صرف 6 میچ کھیل پائے تھے، وہ زخمی ہونے کے باعث 5 میچ نہیں کھیل سکے تھے۔
آسٹریلیا نے اس کے باوجود ٹریوس ہیڈ کو فائنل میں کھیلنے کا موقع دیا اور وہی آسٹریلیا کی طرف سے فائنل میچ میں ٹاپ اسکور رہے اور 137 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آسٹریلیا کو 2023 کا ورلڈ چیمپیئن بنا دیا۔