آسٹریلوی کپتان کا استقبال: ’ہمارے ہاں لڑکی کا اسکوٹر اسٹارٹ نہ ہونے پر اس سے زیادہ لوگ جمع ہو جاتے ہیں‘

بدھ 22 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں آسٹریلیا نے انڈیا کو شکست دے کر چھٹی بار یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ انڈیا کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں 9میچوں میں فتح کے ساتھ ناقابلِ شکست تھی مگر آسٹریلوی بلے باز ٹریوس ہیڈ کی سنچری کی بدولت اسے 6وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جیت کا جشن منانے کے بعد کرکٹ ورلڈکپ کے فاتح آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز، بلے باز مچل مارش اور فاسٹ بالر جوش ہیزل وڈ اپنے وطن واپس پہنچ گئے جبکہ کینگروز ٹیم کے بقیہ کھلاڑی بھارت میں ہی رہیں گے جہاں وہ میزبان ٹیم کے ساتھ 5میچز پر مشتمل ٹی 20سیریز کھیلیں گے۔

آسٹریلوی کپتان کی وطن واپسی کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایئر پورٹ پر انہیں کوئی خوش آمدید کہنے نہیں آتا، صرف چند کیمرہ مین کھڑے ان کے آنے کی ویڈیو ریکارڈ کرتے ہیں۔

اس منظر کو دیکھ کر صارفین نے مختلف دلچسپ تبصرے کیے۔ کسی نے کہا کہ اگر ایسا کسی اور ملک میں ہوتا تو صورتحال مختلف ہوتی تو کوئی یہ کہتا نظر آیا کہ لگتا ہے آسٹریلیا میں ورلڈ کپ میچ لائیو ٹیلی کاسٹ نہیں کیا گیا۔

ایک صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آسڑیلوی کپتان کا ائیر پورٹ پر ایسا استقبال ہو رہا ہے جیسے آسٹریلیا میں کرکٹ ورلڈ کپ ٹیلی کاسٹ ہی نہیں ہوا۔

https://Twitter.com/FarziCricketer/status/1727165069824602151?s=20

ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پیٹ کمنز ایئر پورٹ پر پہنچے تو صرف چند اسپورٹس جرنلسٹ ہی ان کی تصاویر کلک کر رہے تھے جبکہ دوسرے مسافر اپنے کام سے کام رکھے ہوئے تھے ۔ صارف نے مزید لکھا کہ اس سے زیادہ لوگ تو ہمارے ہاں  زمین کی کھدائی دیکھنے کے لیے کھڑے ہو جاتے ہیں۔

ڈاکٹر نمو نامی صارف لکھتی ہیں ہیں کہ کوئی ڈرامہ نہیں، کوئی جہالت نہیں، کوئی ہیرو پوجا نہیں اور نہ ہی کوئی سیاسی لیڈر کریڈٹ لینے کے لیے موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں پر کوئی بھی ان کا سامان اٹھانے کے لیے موجود نہیں ہے اور نہ ہی کوئی دیوانہ وار سڑکوں پر آیا ہے۔ یہ ورلڈ کپ 2023 جیتنے کے بعد پیٹ کمنز اور آسٹریلوی لوگ ہیں ہمارے لیے ان سے سیکھنے کو بہت کچھ ہے۔

ٹرول پاکستان کرکٹ نامی پیج نے لکھا کہ پیٹ کمنز ورلڈ کپ جیت کر آسٹریلیا پہنچ گئے ہیں لیکن ایئر پورٹ پر زیادہ لوگ ان کے استقبال کے لیے نہیں آئے۔ انہوں نے طنزاً لکھا کہ ہمارے ہاں تو لڑکی کا اسکوٹر اسٹارٹ نہ ہونے پر اس سے زیادہ لوگ جمع ہو جاتے ہیں۔

https://Twitter.com/trollpakistanii/status/1727235726843261000?s=20

نور نامی صارف لکھتی ہیں کہ جب میں ایک ماہ بعد گھر لوٹا تو میرے خاندان نے بس ٹرمینل پر میرے لیے سرخ قالین بچھا دیا، لیکن یہاں ورلڈ کپ جیتنے کے باوجود پیٹ کمنز کے استقبال میں لائبریری کی خاموشی سے زیادہ خاموشی ہے۔

https://Twitter.com/AuratZaatt/status/1727221381568627093?s=20

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp