اسموگ، پنجاب میں جمعہ اور ہفتے کو سافٹ لاک ڈاؤن کا امکان، کب کیا کچھ بند رہے گا؟

جمعرات 23 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ایک بار پھر آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے، اسموگ کے خاتمے کے لیے پنجاب کی نگراں حکومت کی جانب سے سافٹ اسموگ لاک ڈاؤن تجویز کیا گیا ہے۔

ذرائع نگراں حکومت پنجاب لاہور ایک بار پھر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے، نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کیبنٹ کمیٹی برائے انسداد اسموگ کا اجلاس طلب کر لیا ہے، اجلاس میں انسداد اسموگ کے لیے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

ذرائع نگراں حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اسموگ کے خاتمے کے لیے سافٹ اسموگ لاک ڈاؤن لگانے کی تجاویز تیار کر لی گئی ہیں، محکموں کی طرف سے رواں جمعہ کو تمام اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ہفتے کے روز مارکیٹیں، جم، سنیما، تھیٹر اور فیکٹریاں مکمل بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ہفتے کے روز ریسٹورنٹس بند کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، صرف ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری ہو گی۔

شہر میں پبلک اور پرائیویٹ گاڑیوں کو بھی محدود کرنے کی تجویز زیر غور ہے، سرکاری دفاتر میں بھی آدھے ملازمین کام کریں گے، جمعہ اور ہفتہ کو سافٹ لاک ڈاؤن کے بعد شہر میں ناکے لگانے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع نگراں حکومت پنجاب کے مطابق اسموگ میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ لاہور میں غیر معمولی ٹریفک ہے، لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کی بھی تجویز ہے اور خلاف قانون کام کرنے والی فیکڑیوں کو بند اور بھاری جرمانوں کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp