القادر ٹرسٹ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ریمانڈ کے معاملے پر سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہوگی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کیس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی لیگل ٹیم بھی اڈیالہ جیل پہنچ چکی ہے، جیل ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی لیگل ٹیم میں سردار لطیف کھوسہ، نعیم پنجوتھہ، انتظار حیدر پنجوتھہ، سائرہ ایڈوکیٹ اور علی بٹر ایڈوکیٹ شامل ہیں۔
پی ٹی آئی لیگل ٹیم چیئرمین عمران خان سے اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں ملاقات کرے گی اور مقدمات کے حوالے سے ان سے مشاورت کرے گی۔
نیب کے پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی بھی اڈیالہ جیل پہنچ چکے ہیں، جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آج عدالت سے چیئرمین پی ٹی آئی کے 15 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
واضح رہے القادر ٹرسٹ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت 29 نومبر تک منظور ہوئی ہے۔29 تاریخ کو بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر بحث ہوگی۔