پاکستان روس کے ساتھ مضبوط طویل المدتی تعلقات کا خواہاں ہے، ڈاکٹر عارف علوی

جمعرات 23 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے روس کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور معیشت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے بےپناہ امکانات موجود ہیں۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق جمعرات کو صدر ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں روس کے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈانیلہ گانیچ نے ملاقات کی جس دوران دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ طویل المدتی اور کثیرالجہتی شراکت داری کا خواہاں ہے، پاکستان روس کے ساتھ تجارت، معیشت، تحفظ ِخوراک، توانائی، دفاع اور عوامی روابط سمیت تمام شعبوں میں تعاون چاہتا ہے۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔

صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات اقوام متحدہ کی مرکزیت اور اصولوں پر مبنی عالمی نظام کے مشترکہ نقطہ نظر پر مبنی ہیں ۔

صدر مملکت نے غزہ کی صورتحال ، فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم پر بھی روشنی ڈالی اور روسی سفارت کار سے کہا کہ پاکستان خواتین ، بچوں، صحافیوں سمیت ہزاروں فلسطینیوں کے قتل کی مذمت کرتا ہے۔

صدر مملکت نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے میں سفیر کے کردار کو سراہا۔صدر مملکت نے روسی سفیر کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp