اسد قیصر دوبارہ گرفتار،’گھبرائے ہیں نہ پیچھے ہٹیں گے‘، سابق اسپیکرقومی اسمبلی

جمعرات 23 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اسلام آباد سے دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسد قیصر کو گرفتاری کے بعد چارسدہ پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔ ان کو گجوخان میڈیکل کالج کے سامان کی خریداری میں خوردبرد کے کیس میں ضمانت پر آج ہی رہا کیا گیا تھا تاہم ان کی گرفتاری کے احکامات دوبارہ جاری کیے گئے جس کے بعد انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔

 

اسد قیصر نے اپنی گرفتاری کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے پاکستانی بھائیوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہم نہ گھبرائے ہیں اور نہ پیچھے ہٹیں گے، ہم نے قانون اور آئین کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھنی ہے اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے ہم اپنے کارکنوں سے کہتے ہیں کہ وہ تشدد کے بجائے اپنی سیاسی جدوجہد پرامن طریقے سے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کا وقت ہے، یہ ہمیں دوسری طرف لے کر جائیں گے، انتقامی کارروائی کریں گے لیکن آپ نے صرف اور صرف قانون کے اندر رہتے ہوئے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھنی ہے، الیکشن آنا ہے، آپ سب عمران خان بنیں گے، آپ سب اسد قیصر اور پاکستان کی آواز بنیں گے، آپ سب نے الیکشن جتوانا ہے، ہم 2 تہائی اکثریت سے یہ الیکشن جیتیں گے۔

اسد قیصر نے کہا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ پاکستان قانون اور آئین کے مطابق چلایا جائے، پاکستان میں قانون کی بالا دستی ہونی چاہیے اور پاکستان میں تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلینگ فیلڈ ملنی چاہیے، جس طرح سیاست اور الیکشن کی تیاری ہورہی ہے وہ درست نہیں، ایک آدمی کو انہوں نے پہلے سے وزیراعظم ڈکلیئر کیا ہوا ہے لیکن عوام اسے بری طرح شکست دیں گے، فیصلہ عوام نے کرنا ہے خواص نے نہیں، عوام کی طاقت آپ کے ہاتھ میں ہے، آپ نے عمران خان کا ساتھ دینا ہے، ہم اس ملک کو قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے،

اپنے مقدمے اور گرفتاری سے متعلق سوال پر اسد قیصر نے کہا کہ یہ صرف سیاسی انتقام ہے، ایک ہی دن میں مجھے اسلام آباد، صوابی اور چاررسدہ دکھایا گیا ہے، لیکن ہم قانون کے مطابق اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے

دوسری جانب اسد قیصر کی گرفتاری پر تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسد قیصر کو کس جرم میں گرفتار کیا گیا تاحال کچھ نہیں بتایا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp