جبری گمشدگی : اعتزاز احسن نے رجسٹرار سپریم کورٹ کے اعتراض کے خلاف چیمبر اپیل دائر کر دی

جمعہ 24 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر داخلہ اعتزاز احسن نے ملک میں جبری گمشدگیوں کے حوالے سے درخواست پر رجسٹرار سپریم کورٹ کے اعتراض کے خلاف چیمبر اپیل دائر کر دی۔

سابق وزیر داخلہ بیرسٹر اعتزاز احسن نے جبری گمشدگیوں کے حوالے سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد کیے گئے اعتراض کے خلاف سپریم کورٹ میں چیمبر اپیل دائر کی ہے۔

اعتزاز احسن نے اپنی اپیل میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ رجسٹرار سپریم کورٹ کو یہ اختیار نہیں کہ وہ یہ فیصلہ کر سکے کہ کوئی درخواست قابل سماعت ہے یا نہیں، جسٹس منصور علی شاہ یہ فیصلہ دے چکے ہیں کہ رولز میں رجسٹرار کو درخواست کے قابل سماعت ہونے کے تعین کا کوئی اختیار نہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے اپنی چیمبر اپیل میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ رولز 1980 کے تحت کسی درخواست کے قابل سماعت ہونے کا اختیار عدالت کو ہے، اس کیس کو نہ سنا گیا تو یہ پیغام جائے گا کہ لوگوں کا لاپتہ ہونا مفاد عامہ کا معاملہ نہیں۔

اعتزاز احسن کے مطابق رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراضات میں جس عدالتی فیصلے کا سہارا لیا وہ غیر متعلقہ ہے، لوگوں کو لاپتہ کرنے کا مقصد اختلافی آواز کو خاموش کرانا یا دبانا ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ رجسٹرار آفس کے 8نومبر کے اعتراضات کالعدم قرار دیئے جائیں، جتنی جلدی ممکن ہو، اس کیس کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے جبری گمشدگیوں کے حوالے سے بیرسٹر اعتزاز احسن کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی تھی، رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتزاز احسن کی درخواست پر اعتراض میں کہا تھا کہ درخواست آرٹیکل 184 (3) کے تحت دائر کی گئی، یہ آرٹیکل عدالت کو ایک غیر معمولی دائرہ اختیار فراہم کرتا ہے اور اسے کسی ایسے معاملے کا نوٹس لینے کا اختیار دیتا ہے جس میں لوگوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہو۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے اپنے اعتراض میں قرار دیا تھا کہ اِس درخواست پر غور نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اعتزاز احسن نے اس بات کی نشاندہی نہیں کی کہ اس کیس میں بنیادی حقوق متاثر ہونے سے متعلق عوامی اہمیت کے کون سے سوالات شامل ہیں۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے مزید کہا تھا کہ درخواست گزار نے شکایت کے ازالے کے لیے سپریم کورٹ کے غیر معمولی دائرہ اختیار کی استدعا کی جو کہ ٹھیک نہیں ہے، درخواست گزار نے مقدمہ دائر کرنے سے پہلے کسی دوسرے فورم سے رجوع نہیں کیا اور ایسا نہ کرنے کا کوئی جواز بھی فراہم نہیں کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp