کوئٹہ: پولیس اہلکاروں کی ڈکیتی، پکڑا جانے والا اہلکار تشدد کا شکار

جمعہ 24 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں پر مشتمل ایک ڈکیت گینگ کرنسی ایکسچینج دکانوں سے 18 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگیا تاہم ان میں سے ایک مبینہ ڈاکو جائے واردات پر پکڑا گیا جسے دکانداروں نے پولیس کے حوالے کرنے سے قبل تشدد کا نشانہ بنا کر خاصا زخمی کردیا۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ کے وسطی علاقے شارع اقبال پر واقع بخاری سینٹر میں موجود کرنسی ایکسچینج کی دکانوں میں ڈکیتی کی واردات کے دوران چوکیدار ایک ڈکیت کو پکڑ نے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد دکانوں کے مالکان سمیت دیگر افراد نے ملزم کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے  وہ لہولہان ہو گیا۔

دریں اثنا سوشل میڈیا پر مبینہ ڈکیت کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں اس نے اعتراف کیا ہے کہ ڈکیتی کی کارروائی میں مجموعی طور پر 4 افراد ملوث تھے جن میں سے 3 پولیس اہلکار ہیں۔

ترجمان پولیس بلوچستان اسلم خان کے مطابق آئی جی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تینوں اہلکاروں کو معطل کر کے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ڈکیتی کی واردات میں ہیڈ کانسٹیبل محمد اقبال اور کانسٹیبل  سیف اللہ و ہدایت اللہ ملوث تھے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ شارع اقبال پر کرنسی ایکسچینج مارکیٹ میں مذکورہ ڈکیتی کی واردات میں ملوث ایک مزید ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ گزشتہ رات جائے واردات سے ایک پولیس اہلکار کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ملزمان کے دیگر 2 ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔ ملزمان کے خلاف مارکیٹ میں 18 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp