کن 10 باتوں پر عمل کرکے ورزش کی عادت دوبارہ اپنائی جاسکتی ہے؟

جمعہ 24 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

باقاعدگی سے ورزش کرنا جسمانی اور ذہنی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے اہم ہے۔ ورزش پٹھوں، دل، جسم اور دماغ کو تندرست رکھتی ہے، لیکن کبھی کبھار معمولات زندگی کا سلسلہ ٹوٹ جانا یا ان میں وقفہ آجانا معمول کی بات ہے۔ بعض اوقات ورزش میں چند دنوں کا وقفہ بھی آپ کو اپنے پرانے معمول سے جڑے رہنے سے روکے رکھتا ہے اور آپ اپنی نئی روٹین کے مطابق زندگی گزارنے لگتے ہیں۔

یہاں پر یہ بات ذہن نشین کرنے کی ضرورت ہے کہ باقاعدگی سے ورزش کرنے کی عادت ختم ہونے کے اثرات آپ کی زندگی پر پڑتے ہیں اور آپ خود میں ویسی توانائی اور چستی محسوس نہیں کرتے جو ورزش کرنے سے آپ کو حاصل ہوتی ہے۔

ورزش چھوڑنے کے بعد اگر آپ اپنے بڑھتے ہوئے وزن اور دیگر طبی مسائل سے پریشان ہیں اور دوبارہ سے ورزش کو اپنا معمول بنانا چاہتے ہیں تو یک دم سے اپنے پرانے معمول پر آنا آسان نہیں کیونکہ آپ کے جسم کو ورزش کی عادت نہیں رہتی اور اچانک سے اپنی پرانی روٹین پر جانے سے بھی آپ کی صحت پر اس کے منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔

تاہم درج ذیل باتوں پر عمل کرکے آپ اپنے پرانے معمول پر واپس آسکتے ہیں اور آہستہ آہستہ دوبارہ سے ورزش کی وہی عادت اپنا سکتے ہیں جو آپ چھوڑ چکے ہیں۔

ہدف مقرر کریں

اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ خود کو سب سے پہلے ذہنی طور پر تیار کریں اور اپنا ایک ہدف مقرر کریں کہ آپ کتنے وقت یا مدت میں ورک آؤٹ کرکے بتدریج اپنی فٹنس کو حاصل کرلیں گے۔

ورزش کا شیڈول بنائیں

ورزش کرنے کا ایک وقت مقرر کریں اور اپنے اس شیڈول پر سختی سے کاربند رہیں۔ اپنے کسی بھی دوسرے کام کو اس وقت پر ترجیح مت دیں۔ ورزش کے لیے آپ نے دن کا جو بھی وقت مقرر کیا ہے، باقاعدگی سے اس پر عمل کریں۔

ہلکی پھلکی ورزش سے آغاز کریں

شروع میں ہلکی پھلکی ورزش جیسا کہ چہل قدمی، آہستہ آہستہ جوگنگ یا یوگا کریں تاکہ آپ کا جسم آہستہ آہستہ دوبارہ اسی عادت کو اختیار کرسکے۔ شروع میں ہلکی پھلکی ورزش کرنے سے آپ کا جسم شدید درد یا کسی سنجیدہ نوعیت کے مسئلے سے بھی محفوظ رہے گا۔

ایک پارٹنر کو بھی اپنے ساتھ ملائیں

آپ کو چاہیے کہ اپنے کسی دوست یا خاندان کے فرد کو اپنے پلان سے آگاہ کریں۔ ورزش کے دوران کوئی ساتھ ہوگا تو وہ آپ کی حوصلہ افزائی کرے گا اور آپ کو کمزور نہیں پڑنے دے گا۔

ورزش کے نئے طریقے بھی آزمائیں

آپ معمول کی ورزش کے علاوہ نئے طریقوں کا بھی تجربہ کرسکتے ہیں، مثلاً آپ سائیکلنگ یا تیراکی کرسکتے ہیں۔ نئی سرگرمیوں سے آپ کی ورزش میں دلچسپی بڑھے گی اور آپ کو اپنا کھویا ہوا جذبہ اور جوش و خروش پانے میں آسانی ہوگی۔

متوازن غذا

اس دوران آپ کے لیے ضروری ہے کہ آپ صحت بخش اور متوازن غذا کا استعمال کریں تاکہ آپ کے جسم کو ضروری غذائی اجزا مل سکیں جو آپ کی فٹنس کے سفر میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

پانی زیادہ پئیں

پانی کے مناسب استعمال سے آپ صحت اور فٹنس حاصل کرسکتے ہیں۔ جب آپ ورزش کرتے ہیں تو آپ کے جسم کو پانی کی بھی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ خود کو پانی کی کمی سے محفوظ رکھنے کے لیے روزانہ کم سے کم 8  سے 10 گلاس پانی پینا ضروری ہے۔

ورزش اور دورانیہ میں بتدریج اضافہ

اپنی ورزش اور اس کے دورانیہ میں آہستہ آہستہ اضافہ کریں۔ اگر آپ کی جوگنگ کی رفتار کم ہے تو اس میں بتدریج اضافہ کریں، اگر جم جارہے ہیں تو وزن میں بھی آہستہ آہستہ اضافہ کرتے جائیں۔

کارکردگی کو مانیٹر کریں

اپنی کارکردگی کو باقاعدگی سے مانیٹر کرنا بھی ضروری ہے۔ آپ اپنے ورک آؤٹ سیشن کو ریکارڈ کرسکتے ہیں جس سے آپ کو پتہ چلتا رہے گا کہ آپ روزانہ کتنے پش اپس لگا رہے ہیں یا کتنا وزن اٹھا رہے ہیں اور کتنے دنوں میں آپ اپنی روٹین کو مزید بہتر بنا رہے ہیں۔

مستقل مزاجی

مستقل مزاجی طویل مدتی فٹنس اہداف کو حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے۔ ورزش کو اپنے معمول کا حصہ بنائیں اور اگر آپ سے ورزش کی عادت ترک ہوجائے تو ہمت نہ ہاریں، آگے بڑھتے رہیں اور ان مثبت تبدیلیوں پر توجہ مرکوز کریں جو آپ ورزش سے حاصل کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp