اسلام آباد میں ڈولفن اسکواڈ پر فائرنگ، ایک اہلکار زخمی

جمعہ 24 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تھانہ کرپا کی حدود میں ڈالفن فورس کے اہلکاروں پر گاڑی میں سوار افراد کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق ڈولفن اہلکاروں نے سیاہ شیشوں والی ایک گاڑی کو پڑتال کے لیے رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے گاڑی روکنے کے بجائے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔ جس کے نتیجے میں ڈولفن پولیس کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی پولیس اہلکار کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ملزمان کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

ڈکیتی کی واردتیں کرنے والا 4 رکنی گروہ گرفتار

دریں اثنا، اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے انسداد چوری و ڈکیتی یونٹ نے گن پوائنٹ پر وارداتیں کرنے والے 4 رکنی گروہ کے 2 ارکان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان اسلام اباد کیپیٹل پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضہ سے شہریوں سے چھینے گئے 3 عدد قیمتی موبائل فونز، نقدی، ناجائز اسلحہ معہ ایمونیشن اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹرسائیکل برآمد کر لیا گیا ہے۔

موٹرسائیکل سواروں کے تحفظ کے لیے مہم کا آغاز

دوسری جانب اسلام اباد پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے نجی کمپنی کے اشتراک سے 02 روزہ خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے۔

مہم کے پہلے مرحلے میں موٹرسائیکل سواروں کو روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی، جس میں موٹرسائیکل کے سائیڈ مررز اور برقی آلات چیک کیے گئے۔

مہم کے دوران مذکورہ موٹرسائیکل آلات کی اہمیت و فوائد کے بارے میں شہریوں کو آگاہ کیا گیا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ شہری اپنی موٹرسائیکل کے سائیڈ مررز اور الیکٹرک آلات درست کرا لیں بصورت دیگر چالان ٹکٹ جاری ہو سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp