پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق بشپ آف لاہور چرچ آف پاکستان ندیم کامران نے اسلام آباد میں وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی ۔
بشپ آف لاہور نے وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو مسیحی برادری کے مسائل، مردم شماری اور موجودہ ووٹنگ سسٹم میں تحفظات سے آگاہ کیا۔
بشپ ندیم کامران نے کہا مسیحی برادری کی رجسٹریشن آبادی کی مناسبت سےکی جائے۔ اس سلسلے میں انتخابی اصلاحات درکار ہیں۔ ووٹنگ سسٹم میں مسیحی برادری کے لئے بہتری لائی جائے۔ انہوں نے شادی کی عمر کی حد کے حوالے سے تجاویز بھی دیں۔ کہا پاکستان بالخصوص اسلام آباد میں کرسچئن میرج رجسٹریشن سسٹم کو فعال کیا جائے۔
وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا مسیحی برادری کے تمام مسائل کے حل کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ انتخابی اصلاحات کے لیے تجاویز اور تحفظات کو پارلیمانی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔
وزیر قانون و انصاف نے مردم شماری کے حوالے سے وزیر منصوبہ بندی سے میٹنگ کر کے مسائل کے ازالے کے لیے حل کی بھی یقین دہانی کروائی۔
اعظم نذیر تاڑ نے ندیم کامران کو دسویں بشپ آف لاہور چرچ آف پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ یاد رہے کہ بشپ ندیم کامران دسویں بشپ آف لاہور ہیں۔














