2023 کی آخری قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ ملک بھر میں 5 سال تک کے 4 کروڑ 43 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف ہے۔ قومی مہم 27 نومبر سے 3 دسمبر تک جاری رہے گی۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں۔
بچوں کو عمر بھی کی معذوری سے بچانا ہے تو انسداد پولیو کے قطرے پلانا نہ بھولیں۔ قومی انسداد پولیو مہم 2023 کا آخری مرحلہ 27 نومبر سے 3 دسمبر تک جاری رہے گا۔ قومی انسداد پولیو مہم 7 روز میں مکمل ہوگی۔
مزید پڑھیں
تیسرے مرحلے میں 5 روزہ پولیو مہم اور 2 ’کیچ اپ ڈیز‘ ہوں گے، جن میں رہ جانے والے بچوں کی پولیو ویکسینیشن کی جائے گی۔ مہم کے دوران 4 کروڑ 43 لاکھ 55 ہزار 341 بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے 36، 36 اضلاع میں مہم چلائی جا رہی ہے۔ اسلام آباد سمیت سندھ کے 30، آزاد کشمیر 10 اور گلگت بلتستان کے بھی 10 اضلاع میں 5 سال تک کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
پولیو مہم کا پہلا مرحلہ 13 تا 17 نومبر شمالی وزیرستان اور دوسرا مرحلہ 20 سے 24 نومبر تک خیبرپختونخوا کے 6 اضلاع جاری رہا۔ ملک کو ’پولیو فری کنٹری‘ بنانے کے لیے والدین ہیلتھ ورکرز کا بھر پور ساتھ دیتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بچہ اس مہم سے محروم نہ رہ جائے۔