آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا انعقاد فروری ،مارچ میں ہونا ہے،آئی سی سی میزبانی پاکستان کو سونپ چکی تاہم اس ایونٹ کے پاکستان میں ہونے یا ہونے سے متعلق ابھی تک سوالیہ نشان موجود ہے کیوں کہ بھارت کی جانب سے اپنی ٹیم کو یہ ایونٹ کھیلنے کے لیے پاکستان بھیجنے یا نہ بھیجنے کے حوالے سے کوئی واضح موقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔
گزشتہ روز بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آنے سے انکار کر دیتی ہے اور چیمیئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان میں ممکن نہیں نہیں ہو پاتا تو آئی سی سی اس کے بدلے پی سی بی کو معاوضہ ادا کرے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں ماہ ورلڈ کپ کے دوران پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ زکا اشرف اور چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے احمد آباد میں آئی سی سی حکام سے ملاقات کے دوران یہ مطالبہ کیا کہ اگر بھارتی حکومت چیمیئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر رضامند نہیں ہوتی تو آئی سی سی اس حوالے سے کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ کرنے سے گریز کرے۔
Pakistan is not hosting the ICC Champions Trophy. [Abhishek Tripathi]
Dubai is set to host the Champions Trophy or hybrid Model if the Indian Government doesn’t change the stance. pic.twitter.com/xNKhNckbmW
— Johns. (@CricCrazyJohns) November 27, 2023
اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی حکام سے ملاقات کے دوران یہ بھی کہا ہے کہ اگر بھارتی حکومت سیکورٹی خطرات کے باعث اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کرتی ہے تو آئی سی سی اس معاملے کو حل کرنے کے لیے ایک غیر جانبدار کمیٹی بنائے جو پاکستان کا دورہ کرے اور پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے سیکورٹی خطرات کا جائزہ لے۔
بھارتی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آتی تو چیمئنز ٹرافی 2025 ہابرڈ ماڈل کے تحت کھیلی جائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے آئندہ ہونے والے چھ مختلف ایونٹس کی میزبانی کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ مل کر آئی سی سی ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے بھی بولی دی تھی۔
1996 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کو کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کا موقع ملا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے 2024 سے 2031 تک کے 10 برسوں کے شیڈول کے مطابق پاکستان واحد ملک ہے جسے کسی ایونٹ کی تنہا میزبانی دی گئی ہے۔
بھارت کو سب سے زیادہ 03 ایونٹس کی میزبانی ملی ہے، ان میں سے ایک تنہا جب کہ دیگر 02 میں وہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے ساتھ مشترکہ میزبانی کرے گا۔
آئی سی سی شیڈول کے مطابق مینز کرکٹ کے 08 ایونٹس 14 مختلف ملکوں میں منعقد کیے جانے ہیں۔
پاکستان میں ہونے والی 2025 چیمپئنز ٹرافی میں ورلڈ کپ 2023 کی ٹاپ 08 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں میزبان پاکستان کے علاوہ بھارت، آسٹریلیا، سری لنکا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔